ڈیرہ غازی خان میں پنکچر لگانے والے نے سرائیکی اردو لغت تیار کرلی

ہفتہ 18 جنوری 2014 15:23

ڈیرہ غازی خان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18جنوری 2014ء) ڈیرہ غازی خان میں پنکچر لگانے والے محنت کش نے 33سال کی لگاتار محنت سے ایک لاکھ سے زائد الفاظ پر مشتمل سرائیکی اردو لغت تیارکرکے شاندار کارنامہ انجام دیا نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے اکبر مخمور نے کہا کہ وہ پنکچر کی دکان پر محنت کرکے اپنے بچوں کیلئے روٹی کا انتظام کرتے ہیں اور باقی اور فارغ اوقات انہوں نے سرائیکی زبان کی خدمت کیلئے وقف کردی ہے یہی وجہ ہے انہوں نے ایک لاکھ سے زائد الفاظ پر مشتمل سرائیکی لغت تیار کی ۔

(جاری ہے)

اکبر مخمور کا کہنا ہے کہ انہوں نے محسوس کیا کہ وقت کے ساتھ ساتھ سرائیکی زبان میں دیگر زبانوں کی آمیزش تیزی سے بڑھتی جارہی ہے خصوصا شہری آبادی میں سرائیکی کے قدیم الفاظ نایاب ہونے لگے ہیں۔انہوں نے اپنی مادری زبان کو اصل حالت میں زندہ رکھنے کا فیصلہ کیا اورڈکشنری میں نئے مستعمل الفاظ کے متبادل قدیم اور اصل سرائیکی الفاظ تلاش کرکے شامل کئے ہیں۔اکبرمخمور کا کہنا ہے کہ سرائیکی زبان کے الفاظ اس کا قیمتی اثاثہ ہیں ،ایک لاکھ پندرہ ہزار الفاظ پر مشتمل ڈکشنری کا مسودہ مکمل ہوچکا ہے ،اب انہیں اس کو کتابی شکل دینے کیلئے حکومتی معاونت کی ضرورت ہے تاکہ اس خطے کے باسی اس سے استفادہ کرسکیں۔