کراچی ،فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں مزید دو افراد جاں بحق ، چار زخمی ، قصبہ کالونی میں شادی کی تقریب کے قریب دستی بم حملے میں 3 خواجہ سراوٴں سمیت 14 افراد زخمی ،ینجرز اور پولیس نے دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن شروع کردیا ، متعدد افراد گرفتار ، اسلحہ بر آمد

اتوار 19 جنوری 2014 14:18

کراچی ،فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں مزید دو افراد جاں بحق ، چار زخمی ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جنوری ۔2014ء) صوبائی دارالحکومت کراچی میں فائرنگ اورپرتشد دواقعات میں مزید دو افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے ، رینجرز اور پولیس نے دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن شروع کردیا ، متعدد افراد کوگرفتار کر کے اسلحہ بر آمد کرلیا گیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق اتو ار کو بلدیہ ٹاوٴن سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی۔

شاہراہ فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر میں نیو مبارک اسٹور میں ڈکیتی مزاہمت پر فائرنگ سے اسلم نامی شخص جاں بحق اور منظور زخمی ہو گیا جبکہ ملیر پندرہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔لیاری کے علاقے بغدادی میں پولیس اور حساس اداروں نے کاروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں اور گینگ کے ملزمان کو اسلحہ فراہم کرنے والا سابق پولیس اہلکار سرور بلوچ کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔

(جاری ہے)

گرفتار پولیس اہلکار کی نشاندہی پر رینجرز اور حساس اداروں نے لیاری لیاقت کالونی میں چھاپہ مار کر کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے قاری سراج کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لی ادھر رینجرز کی جانب سے منگھوپیر کے علاقے کواری کالونی میں کئی گھنٹوں سے سرچ آپریشن، علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کردیئے گئے ۔ ذرائع کے مطابق کواری کالونی میں مبینہ طور پر موجود کالعدم تنظیموں سے وابستہ دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن کیا گیا، آپریشن میں رینجرز کے ایک ہزار اہلکار وں نے حصہ لیا۔

آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی اور اس سلسلے میں خواتین اہلکار بھی معاون رہیںآ پریشن کے دوران کواری کالونی کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کردیئے گئے ،کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں، منگھوپیر جانے والی ٹریفک کو نصرت بھٹو کالونی سے قلندریہ چوک کی جانب اور سرحد پیٹرول پمپ سے ٹریفک کو کٹی پہاڑی کی جانب موڑا گیا ۔

ادھرکراچی میں قصبہ کالونی میں شادی کی تقریب کے قریب دستی بم حملے میں 3 خواجہ سراوٴں سمیت 14 افراد زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق قصبہ کالونی کے علاقے مسلم آباد ٹاو ن میں شادی کی تقریب میں موسیقی کا پروگرام چل رہا تھا۔خواجہ سرا گیتوں پررقص کررہے تھے کہ نا معلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے۔دھماکے کے باعث 3 خواجہ سراو ں سمیت 14 افراد زخمی ہو ئے ان میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔دوسری جانب گلستان جوہر بلاک 17 میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔ ملیر میں مندر اسٹاپ کے قریب فائرنگ سے 3افراد زخمی ہوگئے۔