پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن فروغ تعلیم پر ساڑھے سات ارب روپے خرچ کر رہی ہے‘راجہ انور،پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولوں میں 14 لاکھ مستحق طالب علم مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں ‘ چیئرمین

اتوار 19 جنوری 2014 14:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جنوری ۔2014ء) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن مستحق اور بے وسیلہ گھرانوں میں سکول ایجوکیشن عام کرنے پر ساڑھے سات ارب روپے خرچ کر رہی ہے - اس رقم سے 14 لاکھ سے زائد انتہائی مستحق طلباء و طالبات کو ان کے گھروں کے نزدیک پارٹنرسکولوں میں مفت اور معیاری تعلیم کی سہولت مہیا کی گئی ہے - ان طالب علموں کی ماہانہ فیس اور نصابی کتب پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن مہیا کرتی ہے - یہ بات چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن راجہ انور نے فروغ تعلیم سے منسلک مختلف غیر سرکاری فلاحی تنظیموں کے نمائندوں کے دس رکنی وفد سے اپنی رہائش گاہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہی- وفد سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ انور نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن غریب طبقات کے لئے ایک مضبوط سہارا ہے - انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر مبنی تعلیمی ماڈل فروغ تعلیم کا بہترین نمونہ ہے - اس تعلیمی ماڈل سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے پرائیویٹ سکولوں کو خصوصی فائدہ پہنچاہے - پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے ان سکولوں کے اساتذہ کی کپیسٹی بلڈنگ پر خصوصی توجہ دی ہے - انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اپنے پارٹنرسکولوں میں طالب علموں کی شخصیت کی متوازن نشوو نما کے لئے چائلڈ فرینڈلی تعلیمی ماحول مہیا کیا ہے -اس کے ساتھ ساتھ پارٹنر سکولوں کو لائبریری کتب بھی مفت مہیا کی گئی ہیں - اس طرح طالب علموں کو نیا اعتماد اور حوصلہ ملا ہے جس سے ملک کو با اعتماد اور پرعزم قیادت ملے گی - انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعلیمی منصوبوں کی افادیت کا اندرون ملک کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی اعتراف کیا گیا ہے -ان منصوبوں سے وزیر اعلی روڈ میپ پروگرام کے اہداف حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی -

متعلقہ عنوان :