پاکستان میں اولمپک ایسوسی ایشن کے نئے انتخابات کرائے جائیں ، سپورٹس بورڈ کا انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کو خط

پیر 20 جنوری 2014 12:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20جنوری 2014ء) پاکستان میں اولمپک کے تنازعے کو حل کرنے کیلئے بین الصوبائی رابطے کی ہدایت پر پاکستان اسپورٹس بورڈ نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی سے درخواست کی ہے کہ پاکستان میں اولمپک ایسوسی ایشن کے نئے انتخابات کرائے جائیں۔ آئی او سی کو ایک ای میل میں لکھا کہ پاکستان میں قومی اسپورٹس پالیسی میں فوری طور پر تبدیلی نہیں کی جاسکتی ہے یہ آئین کا حصہ ہے اور اس کی پاسداری ملک کے ہر ادارے پر لازمی ہے۔

پاکستان میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق اس وقت اولمپک ایسوسی ایشن موجود نہیں ہے اس لئے حکومت نے اپنی نگرانی میں ایک اولمپک ایسوسی ایشن قائم کی ہے جسے آئی او سی تسلیم کرے یا پھر دوسری صورت میں ازسرنو انتخابات کرائے جائیں۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی سے الحاق شدہ پی او اے کے صدر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عارف حسن دو مرتبہ اپنی صدارتی مدت پوری کرچکے ہیں اس لئے انہیں تیسری مرتبہ اس عہدے پر قبول نہیں کیا جاسکتا جو اسپورٹس پالیسی کا حصہ بھی ہے۔

پی ایس بی نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت 42کھیلوں کی فیڈریشن موجود ہیں جس کی فہرست آئی او سی کو بھیج دی گئی ہے آئی او سی ان فیڈریشنز کی موجودگی میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے انتخابات کرائیں جس کی نگرانی آئی او سی اور اولمپک کونسل آف ایشیاء کے نمائندے کریں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فروری 2012ء میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے انتخابات میں جن فیڈریشنز نے حصہ لیا تھا انہیں ووٹ کا حق دیا جائے پی ایس بی نے کہا کہ اگر آئی او سی اپنی نگرانی میں نئے انتخابات کرانے کیلئے رضامند ہے تو حکومت ان فیڈریشن کو جن کی عالمی فیڈریشن تسلیم کرتی ہیں انہیں ووٹ میں حصہ لینے کا حق دینے کیلئے حکومت تیار ہے۔

متعلقہ عنوان :