ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز کو کامیاب دیکھنا چاہتا ہوں، کرس گیل

پیر 20 جنوری 2014 12:55

جمیکا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20جنوری 2014ء) ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج اوپننگ بیٹسمین کرس گیل نے کہا ہے کہ وہ بنگلہ دیش میں شیڈول ٹوئنٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس ورلڈ کپ میں اپنے اعزاز کا کامیابی کے ساتھ دفاع کرے گی اور ایک مرتبہ پھر سے ورلڈ کپ اپنے نام کریگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ورلڈ کپ میں کانٹے کیمقابلوں کی توقع ہے اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی کوشش ہوگی کہ ٹورنامنٹ کے شروع سے ہی بہترین کارکردگی دکھائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھی بنگلہ دیش کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں تاہم ٹورنامنٹ کے بنگلہ دیش میں انعقاد کا فیصلہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرنا ہے ۔ کرس گیل نے کہاکہ اس ورلڈ کپ میں ہر ٹیم جیت کے لئے لڑے گی جس سے ہر میچ کے دوران اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔