شہباز شریف صوبہ میں لاء اینڈ آرڈر کی سنگین صورتحال سے خوفزدہ ہو کر اسلام آباد میں پناہ گزیں ہوگئے ہیں،منظور احمد وٹو

پیر 20 جنوری 2014 15:44

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20جنوری 2014ء) صدر پیپلز پارٹی پنجاب میاں منظور احمد خاں وٹو نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف صوبہ میں لاء اینڈ آرڈر کی سنگین صورتحال سے خوفزدہ ہو کر اسلام آباد میں پناہ گزیں ہوگئے ہیں جبکہ عوام کو ڈاکوؤں ،لٹیروں اور غاصبوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار ہو گزشتہ شب میلاد چوک حجرہ شاہ مقیم میں سربازار لوٹ مار میں مصروف ڈاکوؤں کی فائرنگ سے معجزانہ طور پر بچ جانے کے بعد کوٹ امین شاہ میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کر رہے تھے ،انہوں نے کہا کہ جعلی عوامی مینڈیٹ کا پول کھل گیا ہے چیئر مین نادرا سے جبری استعفیٰ لینا اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے ،انہوں نے کہا کہ عوام کو سبز باغ دکھانے والے نا اہل حکمران ٹولے نے بجلی ،گیس اور زندگی کی بنیادی سہولتیں چھین لی ہیں ،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہیدوں اور غازیوں کی جماعت ہے ہم غریب اور متوسط طبقہ کی سیاسی نمائندگی کر تے ہیں،الطاف حسین برطانیہ میں بیٹھ کر کراچی اور حیدر آباد سے سیاسی برتری حاصل کر سکتا ہے تو ہم پنجاب کے طول و عرض میں بسنے والی عوام کے دکھ درد میں شریک ہو کر پنجاب پر پیپلز پارٹی کی حکومت کیوں نہیں قائم کر سکتے ،انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹی کے بعد پیپلز پارٹی پنجاب میں حکومت قائم نہ کر سکی مگر اب پارٹی قیادت نے یہ ذمہ داری ان پر عائد کر دی ہے جسکا بوجھ اٹھانے کی وہ مکمل اہلیت رکھتے ہیں ،میاں منظور وٹو نے کہا کہ آئندہ پنجاب پر پیپلز پارٹی کی حکومت ہو گی اور ہم وڈیرہ شاہی کی بجائے غریب اور چھوٹے طبقہ کے عوام کو با عزت زندگی فراہم کر کے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے نظریہ سیاست کو عملی جامہ پہنا کر دم لیں گے،انہوں نے مقامی سیاست پر بات کرتے ہوئے کہا کہ راؤ ،رانے اور پیر سب ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں جو باہمی اختلافات کا ڈھونگ رچا کر علاقہ کے عوام کو بلدیاتی انتخابات میں بے وقوف بناکر سیا سی فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :