تیسرا ٹیسٹ: پاکستانی بلے بازوں کی ناقابل یقین کارکردگی، 302 رنز کا ہدف حاصل کر کے سری لنکا سے فتح کا نوالہ چھین لیا، اظہر علی کی شاندار سنچری، مصباح الحق کی شاندار بیٹنگ

پیر 20 جنوری 2014 18:55

تیسرا ٹیسٹ: پاکستانی بلے بازوں کی ناقابل یقین کارکردگی، 302 رنز کا ہدف ..

شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جنوری۔2014ء) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بلے بازوں نے کھیل کے آخری روز ناقابل یقین طور پر 302 رنز کا ہدف حاصل کر کے سری لنکا سے فتح کا نوالہ چھین لیا اور 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے، میچ میں فتح سے قومی ٹیم نے ایک بار پھر خود کو دنیائے کرکٹ کی بہترین ٹیم ثابت کر دیا ہے۔

اظہر علی کی شاندار سنچری، کپتان مصباح الحق کی نصف سنچری اور سرفرار احمد کے جارحانہ 48 رنز کی بدولت پاکستان نے تاریخی فتح حاصل کی۔ شارجہ انٹرنیشنل کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے گئے میچ کے آخری روز سری لنکا نے دوسری اننگز میں 204 رنز بنائے اورپاکستان کو جیت کیلئے 302 رنز کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے تاہم اظہر علی اور سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 89 رنز جوڑے۔

(جاری ہے)

دونوں کھلاڑیوں کے کھیلنے سے یوں محسوس ہوا کہ یہ ٹیسٹ میچ نہیں بلکہ ون ڈے میچ کھیلا جا رہا ہے، ہدف کے تعاقب میں انتہائی تیز رفتاری سے بیٹنگ کرتے ہوئے اظہر علی نے شاندار 103رنز بنائے جبکہ سرفرار احمد 46 گیندوں پر 48 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ کپتان مصباح الحق نے غیر متوقع طور پر جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 68رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی اور ناقدین کو منہ توڑ جواب دیا۔سری لنکا کی جانب سے لکمل نے 2 جبکہ ایرنگا اور میتھیوز نے 1,1 وکٹ حاصل کی۔