پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے ،وزیر اعظم ،اسلامی ممالک کے مابین تعاون کیلئے پاکستان ہر کوشش کی حمایت کریگا ،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں نقصانات ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے ،پاکستان افغانستان میں قیام کیلئے مصالحتی عمل کی حمایت جاری رکھے گا ،نواز شریف کی سعودی نائب وزیر دفاع سے گفتگو

پیر 20 جنوری 2014 21:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 جنوری ۔2014ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کے مابین تعاون کیلئے پاکستان د ہر کوشش کی حمایت کرے گا ،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نقصانات ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے ،پاکستان افغانستان میں قیام کیلئے مصالحتی عمل کی حمایت جاری رکھے گا وہ پیر کو سعودی نائب وزیردفاع شہزادہ سلیمان بن سلطان بن عبدالعزیز کے ساتھ گفتگوکررہے تھے جنہوں نے یہاں وزیراعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر عبدالعزیز بن ابراہیم الغدیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ دونوں برادر ممالک کے درمیان خوشگوار اور برادرانہ تعلقات تاریخی اور باہمی اعتماد ومفاہمت پر مبنی ہیں حالیہ چیلنجوں کے پیش نظر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور سٹرٹیجک تعلقات کے ایک نئے دور کے آغاز کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے افغانستان میں امن عمل کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان سمجھتا ہے ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان خطے کے مفاد میں ہے۔

انہوں نے انسداد دہشت گردی کی اقوام متحدہ کی حکمت عملی پر عملدرآمد کیلئے سعودی حکومت کے کردار کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان نے ہرقسم کی دہشت گردی کے خاتمے کا تہیہ کررکھا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا بھاری جانی ومالی نقصان ہوا تاہم یہ نقصانات دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد کو مضبوط بنانے کی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔