(ن) لیگ سے اختلافات ،ممتاز بھٹو کے صاحبزادے امیر بخش بھٹو نے وزیر اعظم کے مشیر اور (ن) کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا،چار نائب صدور اور چارجوائنٹ سیکرٹریز بھی مستعفی ، سندھ نیشنل فرنٹ کی دوبارہ بحالی بارے عوامی رائے لینے کا فیصلہ ،(ن) کی حکومت مفاہمت کے نام پر علی بابا چالیس چوروں سے مل گئی ،جن کے احتساب کے نعرے لگائے گئے انہیں تحفظ دیا جارہا، ممتاز بھٹو

پیر 20 جنوری 2014 21:25

لاہور/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 جنوری ۔2014ء) مسلم لیگ (ن) کی طرف سے وعدوں پر عملدرآمد نہ ہونے اور سندھ کو نظر انداز کئے جانے پر سردار ممتاز بھٹو کے صاحبزادے امیر بخش بھٹو نے وزیر اعظم کے مشیر کے عہدے اور (ن) لیگ کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا، جبکہ چار نائب صدور اور چارجوائنٹ سیکرٹریز نے بھی عہدے چھوڑ دئیے ، ممتاز بھٹو آئندہ چند روز میں سندھ بھر کے دوروں میں اپنی جماعت سندھ نیشنل فرنٹ کی دوبارہ بحالی بارے رائے لینے کے بعد سنٹرل کمیٹی کے اجلاس میں حتمی فیصلہ کریں گے ۔

بزرگ سیاسی رہنما سردار ممتاز بھٹو کی صدارت میں ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں مسلم لیگ (ن) کی طرف سے وعدوں کی خلاف ورزی اور سندھ میں پارٹی کو نظر انداز کئے جانے پر تفصیلی تبادلہ خیال اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے گفتگو کی گئی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مسلم لیگ (ن) سے علیحدگی اور سندھ نیشنل فرنٹ کی دوبارہ بحالی کیلئے ممتاز بھٹو سندھ کے دور ے کرکے عوام کی رائے حاصل کریں گے اور سنٹرل کمیٹی کے اجلاس میں حتمی فیصلہ کیا جائیگا ۔

اجلاس میں سردار ممتاز بھٹو کے صاحبزادے امیر بخش بھٹو نے وزیر اعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ۔ جبکہ پارٹی ضم ہونے کے بعد ملنے والے مسلم لیگ (ن) سندھ کے چار نائب صدور اور چار جوائنٹ سیکرٹریز کے عہدیداروں نے بھی استعفے دیدئیے ۔ نائب صدور میں انور گجر‘ ایوب شر ‘ سید حسن محمود شاہ امروٹی اور فقیر عنایت امبانی جبکہ جوائنٹ سیکرٹریز میں رزاق باجوہ‘ ڈاکٹر روشن پیجو‘ میر ملو تالپور اور شہزاد ہ بھٹو شامل ہیں۔

انور گجر کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار ممتاز بھٹو نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت مفاہمت کے نام پر علی بابا چالیس چوروں سے مل گئی ہے ۔ انتخابات سے قبل جن کے احتساب کے نعرے لگائے سندھ انکے حوالے کر کے کے انہیں تحفظ دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے سندھ کی عوام اور ہمارے ساتھ جو وعدے کئے تھے ان میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سندھ کی ترقی کے لئے مسلم لیگ (ن) میں ضم ہونے کا فیصلہ کیا لیکن مسلم لیگ (ن) پنجاب کی قوم پرست جماعت ثابت ہوئی ہے اور اس اقدام نے سندھ کی عوام کو ۔ مسلم لیگ (ن)نے اپنی کتاب سے سندھ کا صفحہ ہی پھاڑ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں سندھ بھر کے دورے کروں گا اور جلد حتمی فیصلہ کر لیں گے۔

متعلقہ عنوان :