ہمارا کام کھیلنا ہے ، کسی کے خلاف کوئی بات نہیں کرینگے ، مصباح الحق ،جیتنے کا فیصلہ کرلیا تھا چاہے کچھ بھی ہوجائے ، شارجہ میں جیت ہمیشہ یاد رہے گی ،سال کے اواخر میں پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا کا مقابلہ کرنا ہے ، سیریز ہوگی ، سخت محنت اور تیاری کی ضرورت ہوگی ،متحدہ عرب امارات میں آسٹریلوی ٹیم کیلئے بھی پاکستانی سپنرز کا سامنا کرنا چیلنج ہوگا ، قومی ٹیم کے کپتان کاانٹرویو

منگل 21 جنوری 2014 13:01

لاہور/لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری ۔2014ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ہمارا کام کھیلنا ہے ، کسی کے خلاف کوئی بات نہیں کرینگے ، جیتنے کا فیصلہ کرلیا تھا چاہے کچھ بھی ہوجائے ، شارجہ میں جیت ہمیشہ یاد رہے گی ،سال کے اواخر میں پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا کا مقابلہ کرنا ہے ، سیریز ہوگی ، سخت محنت اور تیاری کی ضرورت ہوگی ،متحدہ عرب امارات میں آسٹریلوی ٹیم کیلئے بھی پاکستانی سپنرز کا سامنا کرنا چیلنج ہوگا۔

منگل کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ،کوچ واٹمور اور جولین فاؤنٹین وطن واپس پہنچ گئے اس موقع پر کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا گیا وطن پہنچنے والے کھلاڑیوں میں مصباح الحق، محمد حفیظ، محمد طلحہ، اظہر علی، محمد اکرم، شاہداسلم، طلحہ اعجاز ، عبدالرحمان، احمد شہزاد، اظہر علی،راحت علی اور وسیم احمد شامل ہیں۔

(جاری ہے)

لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ کل کا میچ بہت اہمیت کا حامل تھا، تاریخی فتح پر بہت خوشی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ بہت خوشی کی بات ہے کہ ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ایک سوال کے جواب کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ہمارا کام کھیلنا ہے اور ہم کسی کے خلاف کوئی بات نہیں کروں گا۔ کپتان مصباح الحق نے کہاکہ انہوں نے کوچ ڈیوڈ واٹمور کو آخری میچ جیت کر تحفہ دیا، میچ میں اظہر علی اور سرفراز احمد نے اچھی بیٹنگ کی جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔

دوسری جانب برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہاکہ شارجہ ٹیسٹ کی دوسری اننگز شروع کرتے وقت یہ فیصلہ کر لیا گیا تھا کہ ہر قیمت پر جیتنے کی کوشش کی جائے گی چاہے اس کوشش میں نتیجہ دو صفر کیوں نہ جائے۔مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم میٹنگ میں ہر کوئی مثبت سوچ اپنائے ہوئے تھا اور یہی فیصلہ ہوا کہ ہدف حاصل کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی اور ممکنہ شکست کی پروا نہیں کی جائے گی۔

بلے بازوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایک شاندار جیت سے سیریز برابر کردی۔مصباح الحق نے کہا کہ سرفرازاحمد اور اظہرعلی کی اہم شراکت سے رن ریٹ نیچے آ گیا جس سے کام آسان ہوگیا۔انھوں نے پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے احمد شہزاد اور فاسٹ بولر محمد طلحہ کی بھی تعریف کی اور کہا کہ اس ٹیم میں اکثریت ان کھلاڑیوں کی ہے جنھوں نے بڑی تعداد میں ٹیسٹ میچز نہیں کھیلے اسی وجہ سیٹیم اکثر مشکلات کا شکار ہو جاتی ہے اور اس کی کارکردگی میں تسلسل نہیں رہتا۔

مصباح الحق نے کہاکہ اس کے باوجود اسی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف کلین سوئپ کیا اور جنوبی افریقہ جیسی بڑی ٹیم کے خلاف ٹیسٹ میچ بھی جیتا۔ان کھلاڑیوں کومستقل ٹیسٹ میچز کھیلنے کی ضرورت ہے تاکہ انھیں تجربہ حاصل ہوسکے۔مصباح الحق نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف تین صفر کی جیت ان کے کریئر کی بہترین کارکردگی ہے مگر شارجہ کی یہ جیت ایک بڑے ہدف کو حاصل کرنے کی وجہ سے انھیں ہمیشہ یاد رہے گی۔

انھوں نے کہا کہ خوشی اس بات کی بھی ہے کہ ٹیم نے جیت کے ساتھ کوچ واٹمور کو رخصت کیا ہے ان کے ساتھ دوسال بہت اچھے گزرے۔مصباح الحق نے کہا کہ اس سال کے اواخر میں پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا کا مقابلہ کرنا ہے یہ ایک اہم سیریز ہوگی جس کے لیے سخت محنت اور تیاری کی ضرورت ہوگی تاہم متحدہ عرب امارات میں آسٹریلوی ٹیم کے لیے بھی پاکستانی سپنرز کا سامنا کرنا چیلنج ہوگا۔

متعلقہ عنوان :