حکومت نے مہنگائی کے ڈرون نہ روکے تو بحران بے قابو ہو جائیگا‘ چوہدری شجاعت حسین ،ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں خود کچھ کرتے ہیں نہ کسی کو کرنے دیتے ہیں فوری طور پر اے پی سی بلائیں‘میڈیا سے گفتگو ،پاک امریکہ تعلقات میں اضافہ ہونا چاہئے، پرویز الٰہی ، مشاہد حسین ، ایس ایم ظفراور دیگر کے ہمراہ امریکی وفد سے بات چیت

منگل 21 جنوری 2014 18:59

حکومت نے مہنگائی کے ڈرون نہ روکے تو بحران بے قابو ہو جائیگا‘ چوہدری ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری ۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ق)کے صدر سینیٹر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی صورتحال سے لگتا ہے کہ حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، نہ یہ خود کچھ کرتے ہیں اور نہ کسی کو کرنے دیتے ہیں، اگر یہ ڈرون حملے نہیں روک سکتے تو مہنگائی کے ڈرون کو ہی روک لیں۔ یہاں اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت نے کہا کہ مہنگائی کو کنٹرول کر لیں تو سارے معاملات کنٹرول ہو جائیں گے، اس سلسلے میں ہم حکومت کو ایک بار پھر مشورہ دیتے ہیں کہ وہ مہنگائی کے مسئلہ پر آل پارٹیز کانفرنس بلائیں۔

شجاعت حسین نے کہا کہ تمام معاملات کو پیچھے چھوڑیں اسے اولین دیں، بجلی کے بغیر تو انسان گزارہ کر سکتا ہے مگر کھانے پینے کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا اگر بروقت مہنگائی کو کنٹرول نہ کیا گیا تو ایسا بحران آئے گا جس سے نکلنا کسی کے بس میں نہیں ہو گا، ہم نے پہلے ہی حکومت کو اختیار دیا ہے کہ وہ حالات کنٹرول کرنے کیلئے فوری طور پر اے پی سی بلائیں، اب حکومت کا کام ہے کہ وہ اس پر عمل کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کا انحصار اس بحران کو کنٹرول کرنے میں ہے۔ قبل ازیں پاکستان سول سوسائٹی آف پیس کی دعوت پر یہاں آنے والے سول سوسائٹی آف امریکہ کے وفد نے چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویزالٰہی سے ملاقات کی۔ پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید، سینیٹر کامل علی آغا، ایس ایم ظفر اور چودھری سالک حسین نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

اس موقع شجاعت حسین نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے کے ساتھ ملنا چاہتے ہیں اس لیے دونوں ممالک اس سلسلے میں پیش رفت کریں۔ امریکی وفد میں کیتھلین میئر ، نوید باقر ، ربیکا فیبر ، ٹونڈے ڈرسومو ، بیورلے بیکسٹر ، کیول لکھیانی ، مارتھا کیروتھرز ، جولی رمشلیگ ، نیلم لکھیانی اور بروس بگیٹیل شامل تھے۔