وزیراعظم نے قرضہ اسکیم کے طریقہ کار کو آسان بناکر گزیٹڈ آفسیر کی ضمانت کی شرط ختم کر دی،ماروی میمن، اسکیم سے کوئی بھی استفادہ کر سکتا ہے ، لوگوں کو زیادہ سے زیادہ بہتر سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی،تربت کادورہ

منگل 21 جنوری 2014 21:15

تربت (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری ۔2014ء) وزیر اعظم نے قرضہ اسکیم کے طریقہ کار کو آسان بناتے ہوئے گزیٹڈ آفسیر کی ضمانت کی شرط ختم کر دی ہے اور اب اسکیم سے کوئی بھی استفادہ کر سکتا ہے اور قرضہ لینے کے لیے ذاتی جائیداد کی ضمانت بھی دے سکتا ہے اور ان کے اہلخانہ میں سے کوئی ضامن ہو سکتا ہے ۔ان خیالات کااظہار وزیر اعظم یوتھ بزنس لون پروگرام کے چیف کوارڈینٹر محترمہ ماروی میمن نے تربت کے ایک روزہ دورے کے موقع پر کہیں ۔

تربت آمد پر انہوں نے سب سے پہلے نیشنل بینک تربت برانچ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بینک قرضہ اسکیم کے تحت دائر درخواستوں کا جائزہ لیا اور احکامات جاری کئے اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مذکورہ اسکیم کے تحت لوگوں کو زیادہ سے زیادہ بہتر سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائے بالخصوص خواتین کی درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے کیونکہ وزیر اعظم نے اس ا سکیم کے تحت خواتین کے لیے 50فیصد کوٹہ مخصوص کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قرضہ اسکیم کے لئے درخواستیں جمع کرنے میں کسی قسم کی دقت پیش آنے کی صورت میں ان کی درخواستیں ان کے اہلخانہ میں سے کوئی بھی جمع کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک میں دقت پیش آنے کی صورت میں درخواست گزار ہمارےHelp line نمبر 77000۔0800 پرفوری طور پر رجوع کر سکتا ہے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے مجھے خصوصی ذمہ داری سونپی ہے کہ میں بلوچ بہنوں اور بھائیوں کے مسائل بذات خود سنوں اور انہیں ان کے مسائل سے آگاہ کروں، انہوں نے ایک طالب علم کے سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت نے اس اسکیم کے علاوہ طلبہ طالبات کے لیے وزیر اعظم نے لیپ ٹاپ اور وظیفہ اسکیم کے منصوبہ تیار کرلیا ہے جس کا جلد اعلان کیا جائے گا ، دریں اثناء محترمہ ماروی میمن نے سرکٹ ہاؤس تربت میں کھلی کچہری میں خواتین کے مسائل سنے اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل سے جلد وزیر اعظم کو آگاہ کیا جائے گا، بعد ازاں انہوں نے تربت میں بلوچستان ریذیڈنشل کالج میں ایک پر وقار تقریب سے طلبہ ، طالبات و دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے خطاب اورصحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی سہولت کے لیے وزیراعظم پاکستان نے اس قرضہ اسکیم کا اجراء کیا ہے تاکہ غریب عوام زیادہ سے زیادہ اس سے مستفید ہوجائے ۔

محترمہ ماروی میمن نے کہاکہ وزیراعظم میاں محمدنوازشریف نے نوجوانوں کے ساتھ جووعدہ کیا ہے وہ انشاء اللہ پورا کرے گا اور عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ پروگرام کے آخر میں انہوں نے مقامی صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے قرضہ اسکیم کے تحت نیشنل بینک کے ذمہ داروں کو تاکید کی ہے کہ وہ درخواست گزاروں کی دائر کردہ درخواستوں کو دو ہفتوں کے اندر نمٹا دیں اور انہیں ان کی درخواست سے متعلق آگاہ کردیا جائے، انہوں نے کہا کہ عوام اپنے ہنر سے استفادہ کرتے ہوئے وزیر اعظم اسکیم کے تحت جلد از جلد قرضے کے لیے اپنی درخواستیں دائر کریں اور ایسے کاروبار کا آغاز کریں جس سے اجتماعی فائدہ ہو اور علاقے کی زیادہ سے زیادہ ترقی ممکن ہو ، اس موقع پر وزیر اعظم قرضہ اسکیم بلوچستان کے صوبائی کوارڈنیٹر سردار نقیب اللہ ترین بھی ان کے ہمراہ تھے، روانگی سے قبل ماروی میمن نے علاقے کے مختلف وفود سے بھی ملاقاتیں کیں۔