چارسدہ ، پولیس موبائل کے قریب بم دھماکہ ،ایک بچہ اور چھ اہلکار شہید ، دو ا ہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ،زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ، ہلاکتوں میں اضافہ کاخدشہ ، موبائل وین تباہ ، دھماکہ خیز مواد سائیکل میں نصب تھا ، صدر ، وزیر اعظم کی زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر نے کی ہدایت ، وزیر داخلہ نے رپورٹ طلب کرلی

بدھ 22 جنوری 2014 12:39

چارسدہ ، پولیس موبائل کے قریب بم دھماکہ ،ایک بچہ اور چھ اہلکار شہید ..

چار سدہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2014ء) چارسدہ کے ڈھیری بازار میں پولیس موبائل کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں ایک بچہ اور چھ اہلکار شہید اور دو ا ہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ،زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ کاخدشہ ہے ، دھماکہ خیز مواد سائیکل میں نصب تھا ، سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دور ان کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ صدر ممنون حسین ، وزیر اعظم نواز شریف ، وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر نے کی ہدیت کر دی ہے ۔

بدھ کو چارسدہ کے ضلعی پولیس سربراہ شفیع اللہ خان نے بتایا کہ پولیس اہلکار پولیو ٹیموں کو سکیورٹی دینے کیلئے ایک وین میں ڈیوٹی پر جارہے تھے کہ سڑک کے کنارے ایک ریموٹ کنٹرول بم حملے کا نشانہ بنائے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حملے میں سات افراد شہید ہوئے ہیں جن میں چھ پولیس اہلکار ایک بچہ شامل ہیں دھماکے میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت اعظم، اکرم گل، وصال، خواجہ محمد، گلشاد اور کاشف کے ناموں سے ہوئی ہے۔

دھماکے سے پولیس وین مکمل طورپر تباہ ہوگئی زخمیوں کو طبی امداد کیلئے فوری طورپر چارسدہ میں ہسپتال منتقل کر دیاگیا جن میں بعض کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ کاخدشہ ہے ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دیا گیا شدید زخمیوں کو پشاورمنتقل کردیا گیا ذرائع کے مطابق حملے میں پولیو ٹیموں کا کوئی رکن یا جاں بحق یا زخمی نہیں ہوا ڈی پی او کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ خیز مواد ایک سائیکل میں نصب کیا گیا تھا اور جیسے ہی پولیس موبائل سائیکل کے قریب سے گزری تو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے سے دھماکہ کردیا گیا، دھماکے میں 3 سے 4 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

واقعہ کے سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کے اردگرد علاقوں سے کچھ مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ دوسری جانب صدر ممنون حسین ، وزیر اعظم نواز شریف ، وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر نے کی ہدیت کر دی ہے صدرمملکت ممنون حسین نے ایک بیان میں انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ اور زخمیوں سے افسوس اورہمدردی کا اظہارکیا۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی جاں بحق ہونے والوں کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔