پولیو ویکسین مہم کو گلی گلی اور محلہ محلہ تک پھیلانے کیلئے لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لائے،شرجیل انعام میمن

بدھ 22 جنوری 2014 17:26

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2014ء) سندھ کے وزیر بلدیات و اطلاعات شرجیل انعام میمن نے صوبے بھر میں پولیو مہم کو بلدیاتی اداروں اور ملازمین کے ذریعے جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات اور سیکرٹری صحت کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ دہشتگرد پولیو مہم کو جتنا روکنے کی کوشش کریں گے، اتنا ہی حکومت پولیو مہم کو تیز کرے گی۔

بدھ کو اپنے دفتر میں سیکرٹری بلدیات اور سیکرٹری صحت کو ہدایات جاری کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام بلدیاتی اداروں کے تعلقہ، کونسل، یونین کونسلز، ڈسٹرکٹ کونسلز اور لوکل گورنمنٹ وزارت کے ذیلی اداروں میں ہنگامی بنیادوں پر پولیو ویکسین مہم شروع کی جائے۔ شرجیل انعام میمن نے سیکریٹری بلدیات اور سیکرٹری صحت کو ہدایت دی کہ وہ پولیو ویکیسن مہم کو گلی گلی اور محلہ محلہ تک پھیلانے کے لئے لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت دہشتگردوں کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گی اور صوبے کے بچوں کو کسی صورت بھی پولیو کے باعث معذور نہیں بننے دے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ دہشتگرد ڈرپوک ہیں اور بزدلوں کی طرح نہتوں پر وار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز پولیو ورکرز پر حملوں اور پولیو ورکرز کی شہادت پر وزیر اعلیٰ سندھ نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سند ھ اور تمام متعلقہ افسران سے رپورٹ طلب کی ہے اور انہیں ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات دئیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے بچوں کو معذوری سے بچانے والے پولیو ورکرز کو ہم کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے اور جو ورکرز شہید ہوئے ہیں ان کی مالی مدد کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگرد پولیو مہم کو جتنا روکنے کی کوشش کریں گے، حکومت اتنا ہی پولیو مہم کو تیز کرے گی۔ انہوں نے صوبے کے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ دہشتگردوں کی جانب سے پولیو مہم کو ثبوتاژ کرنے کی تمام سازشوں کو ناکام بنادیں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے ٹیکے پلانے میں اپنا کردار بھی ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :