ضمنی الیکشن، این اے69 خوشاب اور پی کے 50 ہری پورمیں پولنگ کا عمل جاری

جمعرات 23 جنوری 2014 11:42

ضمنی الیکشن، این اے69 خوشاب اور پی کے 50 ہری پورمیں پولنگ کا عمل جاری

خوشاب(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جنوری 2014ء) قومی اسمبلی کے حلقے این اے 69 خوشاب اور صوبائی اسمبلی کے حلقے پی کے 50 ہری پور میں میں ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے جو کہ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ذرائع کے مطابق این اے 69 خوشاب میں ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے جبکہ ضلع بھر میں آج عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، ضمنی الیکشن کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امید وار عزیز ملک اور اورتحریک انصاف کے امیدوار عمر اسلم کے درمیان زبردست مقابلے کی توقع ہے، این اے69کے 3 لاکھ 32ہزارووٹر ایک بارپھر حق رائے دہی استعمال کریں گے.مئی میں ہونے والے عام انتخابات میں این اے 69سے سمیراملک کامیاب قرارپائیں لیکن بی اے کی ڈگری جعلی ثابت ہونے پرانہیں نااہل قراردے دیا گیا، ضمنی الیکشن میں ن لیگ نے سمیرا ملک کے بیٹے عزیز ملک کو میدان میں اتارا ہے جبکہ تحریک انصاف نے ایک بارپھرعمراسلم کوٹکٹ دیا ہے۔

(جاری ہے)

8 ماہ قبل ہونے والے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کی سمیراملک نےایک لاکھ 18ہزار ووٹ حاصل کئے تھے جبکہ ان کے مدمقابل عمراسلم کوتقریبا 80ہزارووٹ ملے تھے۔ہری پور میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے50 کے ضمنی انتخاب بھی میں مسلم لیگ ن کے قاضی اسد اورپی ٹی آئی کے اکبر ایوب کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ ضمنی الیکشن کیلئے ضلع بھر میں مجموعی طورپر 116پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 5 پولنگ اسٹیشن کو انتہائی حساس قراردیا گیا ہے، مجموعی طور پر 4ہزار کے قریب پولیس اہلکاروں کو ضلع بھر میں تعینات کیا گیا ہے جن میں سے دوسرے اضلاع سے بھی مزید اضافی نفری کو بھی طلب کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :