کوئلے کے ذریعے بجلی پیدا کرنا پنجاب حکومت کا ایک انقلابی منصوبہ ہے‘ حنا پرویز بٹ

جمعرات 23 جنوری 2014 16:14

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جنوری 2014ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی رہنماء و ممبر صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے حکومت پنجاب کے کوئلے کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قو می اہمیت کے اس منصوبے سے تین سے پانچ برس کے دوران پنجاب میں کوئلے کے ذریعے نہ صرف 6000میگاواٹ بجلی پیداہوگی بلکہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے ان منصوبوں میں8سے 10 ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری ہو گی، کوئلے کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے سے بجلی کی قیمت بھی آدھی ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے گذشتہ کئی دہائیوں کی غلط منصوبہ بندی اور حکمت عملی کے باعث پاکستان میں کم پیداواری لاگت سے بجلی کا حصول ممکن نہیں بنایا جاسکا۔پانی سے بجلی حاصل کرنے کے حوالے سے بھی خاطر خواہ کام نہیں ہواصرف کاغذی کارروائیاں کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوئلے کے ذریعے بجلی کی پیداوار پر مبنی اس منصوبے کا مقصد پرائیویٹ شعبے کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کر کے اس شعبے کو حکومت کی ان کوششوں میں شامل کرنا ہے جووہ توانائی کے بحران کو ختم کرنے کے لئے کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہپاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرے گی ۔ملک کو ترقی اور امن کا گہوارہ بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔مسلم لیگ ن کی قیادت ملک کو تمام بحرانوں سے نجات ،مہنگائی کے خاتمہ اور ملکی خوشحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھارہی ہے‘ عوام کو ریلیف دینا اور وطن عزیز کو ترقی کی راہ پہ گامزن کرنا مسلم لیگ ن کی قیادت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے‘ توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے حکومتی کاوشیں قابل تحسین ہے ۔

متعلقہ عنوان :