بلاول بھٹو زرداری کی نگرانی میں سندھ فیسٹیول کی 15روزہ تقریبات کا باقاعدہ آغازکل سے ہوگا

جمعہ 31 جنوری 2014 14:52

بلاول بھٹو زرداری کی نگرانی میں سندھ فیسٹیول کی 15روزہ تقریبات کا باقاعدہ ..

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31جنوری 2014ء) سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے اور سندھ کے قدیم وتاریخی مقامات کو ان کا کھویا ہوا مقام واپس کرنے کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری کی نگرانی میں سندھ فیسٹیول کی 15روزہ تقریبات کا باقاعدہ آغازآج(ہفتہ )سے ہوگاافتتاحی تقریب لاڑکانہ کے قریب تاریخی ورثے موئن جو دڑو کے مقام پر ہوگی،جس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

سندھ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری، ان کی ہمشیرہ بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور اور ملک بھر سے دیگر 500کے قریب افراد شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب کے لئے صرف 500 کے قریب وی وی آئی پیز کو دعوت نامے اور پاسز جاری کئے گئے ہیں جبکہ شرکاء کے بیٹھنے کے لئے موئن جودڑو کے تاریخی ورثہ کے سامنے لکڑی سے 80 فٹ چوڑا اور 50 فٹ لمبا اسٹیج تیار کیا گیا ہے جبکہ موئن جودڑو کے مختلف حصوں میں رنگ برنگی لائٹس بھی لگائی گئی ہیں۔

پروگرام کے مطابق 15روزہ سندھ فیسٹیول کا آغاز لاڑکانہ کے تاریخی مقام موئن جوداڑو سے میوزک اور روایتی تقریب سے ہوگا۔یہ تقریبات15فروری تک جاری رہیں گی۔ان تقریبات میں سٹی فیسٹیول کاانعقادباغ ابن قاسم کراچی میں کیا جائے گا جو 2فروری 15فروری جاری رہے گا ۔ سندھ فیسٹیول کے دیگر پروگراموں میں 2فروری کوہارس اینڈکیٹل فیسٹیول جیکب آباد ،سندھ میوزک میلہ 3فروری کو کراچی،بدین،حیدرآباد،لاڑکانہ نوابشاہ اورسکھر،3فروی کو اردو،سندھی مشاعرہ کا انعقاد کراچی میں کیا جائے گا۔

گدھاگاڑی ریس 4 فروری کو کراچی ، گہرے سمندر میں ماہی گیری ٹورنامنٹ 6 فروری کو کراچی ، صوفی نائٹ 7 فروری کو کراچی ، بسنت فیسٹیول 9 فروری کو کراچی ، غزل نائٹ 14 فروری کو کراچی ، سندھ آرٹ فیسٹیول 2سے 15 فروری تک فیریئر ہال کراچی ، سندھ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 10 اور فروری کو کراچی ، فیشن فیسٹیول 11 اور 12 فروری کو نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کراچی جبکہ اختتامی تقریب 15فروری کوسندھ کے ساحلی شہر ٹھٹھہ کی کینجھر جھیل کے قریب منعقد ہو گی ۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ سندھ کے تاریخی ورثے کو خطرات لاحق ہیں ۔ سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ سندھ فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد صوبے اور پاکستان کے ہزاروں سال پرانے تاریخی ورثے کو محفوظ رکھناہے۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو نے موئن جودڑو کی سائٹ کو تاریخی قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :