ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے دو مشتبہ افراد کی تلاش کیلئے برطانیہ کا پاکستان کو خط

جمعہ 7 فروری 2014 16:20

ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے دو مشتبہ افراد کی تلاش کیلئے برطانیہ کا ..

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7فروری 2014ء) برطانیہ کے فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس نے پاکستان کی وزارت داخلہ کو خط بھیجا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں اسکاٹ لینڈ یارڈ کو مطلوب ، دو مشتبہ افراد کی تلاش اور شناخت میں مدد دی جائے۔اطلاعات کے مطابق برطانیہ کے فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس کا یہ خط کراوٴن پراسیکیوشن سروس نے تقریباً تین ماہ قبل برطانیہ کے دفتر خارجہ کے ذریعے بھیجا ہے۔

(جاری ہے)

اسکاٹ لینڈیارڈ کے پا س ثبوت ہیں کہ محسن علی سید اور محمد کاشف خان کامران نے 16 ستمبر 2010 کوڈاکٹر عمران فاروق کو edgwareمیں ان کے گھر کے سامنے قتل کردیاتھا۔یہ دونوں یہاں طالب علم کے طور پر مقیم تھے اور قتل کی شام لندن سے کولمبو کے راستے پاکستان روانہ ہوگئے تھے۔ان دونوں مشتبہ قاتلوں کے ویزے کراچی کے تاجرمعظم علی خان نے اسپانسر کئے تھے۔کامن اینڈ ویلتھ آفس کے ترجمان نے خط بھیجے جانے کی تردید نہیں کی ،ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ اس پر تبصرہ نہیں کرسکتے۔