پی سی بی گورننگ بورڈ تحلیل، ذکا اشرف کوعہدے سے ہٹادیاگیا، نجم سیٹھی کو قائمقام چیئرمین کی ذمہ داری ملنے کا امکان

پیر 10 فروری 2014 15:10

پی سی بی گورننگ بورڈ تحلیل، ذکا اشرف کوعہدے سے ہٹادیاگیا، نجم سیٹھی ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10فروری 2014ء) حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کو تحلیل کرکے چیرمین ذکا اشرف کو عہدے سے فارغ کردیا۔ ذرائع کے مطابق وزارت بین الصوبائی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو تحلیل کرکے ذکا اشرف کو بھی چیرمین کے عہدے سے فارغ کردیا ہے جب کہ کرکٹ کے معاملات چلانے کےلئے 11 رکنی عبوری کمیٹی تشکیل دے دی جس میں شہریارخان، نجم سیٹھی، ظہیرعباس، نویداکرم، شکیل شیخ، اقبال قاسم، یوسف کھوکھر اور عامرطارق زمان شامل ہیں، عبوری کمیٹی پی سی بی کے نئے چیرمین کا انتخاب کرےگی۔

دوسری جانب ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ اس وقت بھی میں ہی پی سی بی کا چیرمین ہوں، مجھے ابھی تک حکومت کی جانب سے کوئی نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا، حکومت نے آئین کی ایک شق میں تبدیلی کی ہے جب کوئی تحریری چیز سامنے آئے گی تو دیکھیں گے کیا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کرکٹ بحران کا شکار ہے حکومت کی جانب سے جو قدم اٹھایا گیا ہے وہ بڑا افسوس ناک ہے۔

واضح رہے کہ چوہدری ذکا اشرف نے 27 اکتوبر 2011 کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین کا عہدہ سنبھالا تھا اور جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے جولائی 2013 انہیں چیرمین پی سی بی کے عہدے سے برطرف کرنے کے احکامات جاری کئے تھے تاہم گزشتہ ماہ 15 جنوری کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ریاض احمد خان اور جسٹس نور الحق قریشی پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے انہیں دوبارہ عہدے پر بحال کردیا تھا جس کے خلاف حکومت نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تاہم بعد میں وہ درخواست واپس لے لی گئی۔