وزیر اعظم نوازشریف کا حکومتی اور طالبان کمیٹی کے مذاکرات پر اطمینان کا اظہار

پیر 10 فروری 2014 20:35

وزیر اعظم نوازشریف کا حکومتی اور طالبان کمیٹی کے مذاکرات پر اطمینان ..

اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے ملک میں امن قائم کرنے کے لئے حکومت اور طالبان کمیٹیوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی کی قیادت میں عرفان صدیقی، رستم شاہ مہمند، میجر (ر) محمد عامر اور رحیم اللہ یوسف زئی پر مشتمل حکومت کی 4 رکنی ٹیم نے وزیر اعظم سے ملاقات کی، ملاقات میں کمیٹی کے اراکین نےوزیراعظم کو طالبان کمیٹی سے مذاکرات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات میں ابتدائی پیشرفت مثبت ہے، ملاقات کے دوران طالبان کی رابطہ کمیٹی کی طالبان شوریٰ سے ملاقات کا معاملہ بھی زیر غور آیا جبکہ حکومت اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹیوں کا دوسرا مشترکہ اجلاس جلد بلانے پر بھی گفتگو کی گئی۔

دوسری جانب طالبان کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مولانا یوسف شاہ کا کہنا ہے کہ حکومتی کمیٹی سے آئندہ 2 روز میں ملاقات متوقع ہے جس میں حکومتی کمیٹی کے اراکین کو طالبان شوریٰ سے ملاقات کے حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔