ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کی شہادت کو پولیس نے خودکش حملہ قرار دے کر فائل بند کردی

جمعہ 14 فروری 2014 17:40

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14فروری 2014ء) ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کی شہادت کو پولیس نے خودکش حملہ قرار دے کر فائل بند کردی ۔ ذرائع نے بتایا کہ چوہدری اسلم کی شہادت کے بعد تفتیشی ٹیموں کے ارکان اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ماہر ین بار بار اپنے دعووٴں کی نفی کرتے ہوئے ایک نیا دعویٰ کرتے رہے۔حملے کے فوری بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ نے اسے پلائیڈ بم کا حملہ قرار دیا جو ریموٹ کنٹرول سے چلایا گیا ۔

بعد اذاں ایک تفتیشی ٹیم کے افسر نے اچانک اسے گاڑی کے ذریعے نشانہ بنانے کا انکشاف کر دیا ذرائع نے مزید کہا کہ تفتیشی ٹیم معاملے کو جلد از جلد نمٹانے میں مصروف تھی کہ اچانک ایک نیا دعوٰی سامنے آگیا کہ حملہ خودکش تھا اور چند انگلیوں کی برآمدگی ظاہر کرنے کے بعد مبینہ حملہ آور کی شناخت بھی ظاہر کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے انکشاف کیا کہ حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی کے دعوے کے باوجود اس کی تاحال فارنسک رپورٹ جاری نہیں کی جا سکی ہے اور نہ ہی حملہ آور کی ڈی این اے رپورٹ حاصل کی گئی ہے۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ شہادت کے ایک ماہ گزرنے کے بعد تفتیشی ٹیم نے اچانک بارود ی مواد سے متعلق ایک کیمیکل ایگزا مینشن رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق دھماکے کے لئے امریکی ساختہ پی ای ٹی این بارود استعمال کیا گیا ۔