طالبان اور حکومتی کمیٹیوں کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے ، مذاکرات میں ڈیڈلاک کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کیلئے تحقیقات ہونی چاہیئے، پروفیسرابراہیم

بدھ 19 فروری 2014 11:47

طالبان اور حکومتی کمیٹیوں کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے ، مذاکرات میں ..

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19فروری 2014ء) طالبان کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم نہ کہا ہے کہ طالبان اور حکومتی کمیٹیوں کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے طالبان سے اور نہ ہی حکومتی کمیٹی سے کوئی رابطہ ہوا ہے۔ذرائع سے بات کرتے ہوئے پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے حوالے سے حکومتی اور طالبان کمیٹیوں کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے، ڈیڈلاک کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لئے بھی تحقیقات ہونی چاہیئے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں جنگ بندی دونوں جانب سے ہوتی ہے، مذاکرات جہاں رکے تھے اسی جگہ پر رکے ہوئے ہیں۔پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا کہ جب تک دونوں کمیٹیاں ایک ساتھ نہیں بیٹھیں گی اور جنگ بندی کے معاملے پر اتفاق نہیں کریں گی تو اس وقت تک معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے۔ دوسری جانب حکومتی کمیٹی کے رکن رحیم اللہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ جلد مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہو تاکہ ملک میں امن آسکے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومتی کمیٹی نے وزیراعظم سے ملاقات میں طالبان کی جانب سے شدت پسند کارروائیاں بند ہونے تک طالبان کمیٹی سے مذاکرات کو بے سود قرار دیتے ہوئے اسے ملک و قوم کے پیسے اور وقت کا ضیاع قراردیا تھا۔