مذاکرات سے متعلق گیند کالعدم تحریک طالبان کے کورٹ میں ہے ،پرویز رشید

بدھ 19 فروری 2014 16:18

مذاکرات سے متعلق گیند کالعدم تحریک طالبان کے کورٹ میں ہے ،پرویز رشید

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19فروری 2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ مذاکرات سے متعلق گیند کالعدم تحریک طالبان کے کورٹ میں ہے ، طالبان کے جواب کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کرینگے ،پاکستان اور ایران سمیت خطے کے تمام ممالک کا مفاد امن سے وابستہ ہے۔ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہاکہ مستحکم افغانستان، بھارت اور ایران پاکستان جبکہ مستحکم اور خوشحال پاکستان پورے خطے کے مفاد میں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ خطے کی ترقی اور خوشحالی تمام ممالک کے مفاد میں ہے اس لئے ایک دوسرے کو پابندیوں میں جکڑنے کی بجائے تجارت کو فروغ دیا جائے۔وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان اور ایران سمیت خطے کے تمام ممالک کا مفاد امن سے وابستہ ہے۔طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے کئے گئے سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ مذاکرات سے متعلق گیند کالعدم تحریک طالبان کی کورٹ میں ہے انہوں نے کہاکہ حکومتی کمیٹی نے واضح کر دیا ہے کہ ملک کو پر امن اور محفوظ بنانے کی کوشش کررہے ہیں ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ حکومتی کمیٹی نے سیز فائر کا مطالبہ کیا ہے طالبان کی جانب سے جواب آنے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کرینگے ۔