پاکستان بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا نیول ہیڈ کوارٹر میں انعقاد، چیف آف دی نیول اسٹاف کو مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی

بدھ 19 فروری 2014 21:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 فروری ۔2014ء) پاکستان بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس 18اور 19فروری 2014 کو نیول ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول ا سٹاف ایڈمرل محمد آصف سندیلہ کی سربراہی میں ہونیوالی اِس کانفرنس کا مقصد پاکستان بحریہ کی جنگی تیاری، ترقیاتی منصوبوں اور اِنفراسٹرکچر میں کی جانی والی بہتری کا جائزہ لینا تھا۔

چیف آف دی نیول اسٹاف کو مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔رواں سال کی پہلی کمانڈ اینڈاسٹاف کانفرنس میں 2014ء کے دوران پاک بحریہ کی ترجیحات اور منصوبوں پر نیول چیف کے ساتھ مفصل گفتگو کی گئی جِس کا مقصد پوری لگن اور محنت کے ساتھ پیشہ ورانہ اہداف کا حصول ہے۔ اِس کے علاوہ مکران کی ساحلی پٹی کے ساتھ بلوچ عوام کی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی کے لیے پاکستان نیوی کے اِقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

2014ء کو پاک بحریہ کی آبدوز فورس کے لیے گولڈن جوبلی کا سال قرار دِیئے جانے پر نیول چیف نے بحری محاز پر 1964ء میں سب میرین فورس کے قیام سے لے کر اب تک کی شاندار خدمات کو سراہا اور آبدوزوں کے عملے کو مبارکباد پیش کی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے موجودہ میری ٹائم چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے پاکستان نیوی کی آپریشنل تیاریوں پر بھی مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور تمام پرسنیل کو ہدایت کی کہ جذبوں میں کمی لائے بغیر اس معیار کو برقرار رکھیں۔کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس پاک بحریہ کی سب سے بڑی فیصلہ ساز کمیٹی ہے جو ہر 3ماہ بعد منعقد ہوتی ہے، اِس میں پاکستان نیوی کی پالیسیوں اور منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے تمام پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فِیلڈ کمانڈرزشرکت کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :