کراچی، حساس اداروں کی کارروائی،چار دہشتگرد گرفتار، درجنوں ملزمان زیر حراست

جمعہ 21 فروری 2014 11:58

کراچی، حساس اداروں کی کارروائی،چار دہشتگرد گرفتار، درجنوں ملزمان ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21فروری 2014ء) کراچی کے علاقے ماڑی پور میں حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے چار مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا،ماڑی پور میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ بھی ناکام بنا دیا گیا ، عباس ٹاؤن دھماکے میں ملوث انتہائی مطلوب دہشت گرد ، غیرملکیوں سمیت درجنوں ملزموں کو پکڑ لیا گیا۔ گرفتار ملزموں کی نشاندہی پر پولیس نے ماڑی پور اور اطراف کے علاقوں میں چھاپہ مارا اور اس دوران چار مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے اِن ملزموں کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ماڑی پور سے برآمد ہونے والی گاڑی اور بارودی مواد ممکنہ طور پر آج استعمال کیا جانا تھا۔اس سے پہلے گذشتہ شب پولیس نے ماڑی میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا اور ایک مکان سے سو کلو گرام بارود سے بھری گاڑی ، آکسیجن سلنڈر اور اینٹی ٹینک مائنز برآمد کیں۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران عباس ٹاؤن دھماکے کے اہم کردار فرید محسود اور اس کے دو ساتھیوں سعید اللہ اور ہمایوں کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق فرید محسود ، کالعدم تحریک طالبان کے کمانڈر خان زمان محسود کا قریبی ساتھی اور کراچی میں کئی بم دھماکوں کا منصوبہ ساز ہے۔دوسری جانب ایم پی آر کالونی میں پولیس نے رات گئے کارروائی کرتے ہوئے افغان باشندوں سمیت تیس ملزموں کو حراست میں لے لیا۔

ملیر میں حساس ادارے کی نشاندہی پر پولیس نے چھاپہ مار کر گینگ وار کے وصی اللہ لاکھو گروپ کے بدنام ٹارگٹ کلر عامر عرف مرچی کو گرفتار کر لیا۔شرافی گوٹھ میں پولیس آپریشن کے دوران اٹھائیس ملزموں کو حراست میں لے کر اسلحہ اور منشیات برآمد کر لیں۔عزیز آباد میں بھی مقامی ڈاکٹر کو لوٹنے والے ڈاکو کو پکڑ لیا گیا۔اس سے پہلے اورنگی ٹاؤن ایم پی آر کالونی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے اے این پی کے مقامی رہنما ڈاکٹر اسرار اور بچے سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔

متعلقہ عنوان :