بلدیاتی انتخابات کیلئے نئی حلقہ بندیوں سمیت تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں،پرویزخٹک،سپریم کورٹ کو 30اپریل کی تاریخ تجویز کی گئی ہے اب سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں الیکشن کمیشن صوبے میں ان انتخابات کیلئے جو بھی تاریخ مقرر کر ے گی صوبائی حکومت اس کیلئے مکمل طور پر تیار ہے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

بدھ 5 مارچ 2014 21:42

بلدیاتی انتخابات کیلئے نئی حلقہ بندیوں سمیت تمام تر تیاریاں مکمل کر ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مارچ۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے نئی حلقہ بندیوں سمیت تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اورسپریم کورٹ کو 30اپریل کی تاریخ تجویز کی گئی ہے اب سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں الیکشن کمیشن صوبے میں ان انتخابات کیلئے جو بھی تاریخ مقرر کر ے گی صوبائی حکومت اس کیلئے مکمل طور پر تیار ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صحیح معنوں میں ایک بلدیاتی نظام کی بنیاد رکھی ہے جس میں نچلی سطح پر عوام حقیقی معنوں میں با اختیار ہوں گے کیونکہ اس نظام کے تحت زیادہ تر انتظامی اختیارات کے علاوہ صوبائی حکومت کے 30فیصد ترقیاتی فنڈز بھی بلدیاتی اداروں کو منتقل کئے جائیں گے جبکہ پنجاب اور دیگر صوبوں کی حکومتوں نے پرانے دور کے بلدیاتی نظام کی ہو بہو نقل کر کے عوام کے ساتھ زیادتی کی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف خیبرپختونخوا کی کابینہ اور انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن خیبر پختونخوا کے وفود سے باتیں کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور صوبائی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کے سلسلے میں اب تک ہونے والی پیش رفت ،آئندہ بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاریوں، اپنے علاقوں کے مسائل ، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے علاوہ باہمی دلچسپی دیگر اُمور پر تبادلہ خیال کیاتحریک انصاف خیبرپختونخوا کابینہ کی قیادت ، صوبائی صدراعظم سواتی جبکہ انصاف اسٹوڈنٹس کی قیادت صوبائی صدر سہیل آفریدی کر رہے تھے تحریک انصاف کے صوبائی جنرل سیکرٹری خالد مسعود، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق غنی، مشیر برائے فزیکل پلاننگ یاسین خلیل اور ڈیڈیک پشاور کے چیئرمین اشتیاق ارمڑ بھی موجود تھے بلدیاتی انتخابات کو پارٹی کیلئے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے پارٹی عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ ہر سطح پر پارٹی نظم و ضبط کا نہ صرف خو د بلکہ کارکنوں کو بھی ڈسپلن کا سختی سے پابند بنائیں تاکہ ہم عوام کو صحیح معنوں میں ڈیلور کرسکیں اُنہوں نے کہا کہ تحریک انصاف موجودہ صوبائی حکومت کی بہتر کارکردگی ، انقلابی اقدامات اور عوام دوست پالیسیوں کی بدولت نہ صرف بلدیاتی انتخابات بلکہ اگلے عام انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کرکے پورے ملک میں بر سر اقتدار آئے گی اُنہوں نے وفود کے پیش کردہ مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے پی ٹی آئی کی صوبائی کابینہ اور آئی ایس ایف کے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ آپس کے چھوٹے موٹے اختلافات پس پشت ڈال کر اپنی صفوں میں اتحاد اور تنظیم کو مزید مضبوط کریں پارٹی عہدیدار اور کارکن آنے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے جوش و خروش سے تیاریاں کریں اور اس کیلئے کارکنان کو فعال کرکے عوامی رابطوں کو مزید تیز کریں اُنہوں نے کارکنان پر یہ بھی زور دیا کہ وہ آپس کے اندرونی اختلافات کو پارٹی قیادت کی مشاورت سے پارٹی کی سطح پر ہی حل کریں اور ایشوز میں اُلجھنے کی بجائے اتحادی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنے اور اپنے حقوق کے ساتھ ساتھ بھر پور سیاسی شعور کا مظاہرہ کرتے ہوئے حدود وقیود کو بھی سمجھنے کی کوشش کریں پولیس اور پٹواریوں کے عوام کے ساتھ منفی رویے سے متعلق شکایت پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تھانوں اور پٹوار خانوں میں کرپشن اور رشوت ستانی کافی حد تک خاتمہ کر دیا گیا ہے اور اب عوام کے ساتھ اُن کے رویے میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے اقدامات کئے جار ہے ہیں اُنہوں نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے قائدین کی مشاورت اور منظوری سے صوبائی اور ضلعی سطح پر پارٹی کے عوامی شکایات سیل قائم کریں اور وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں قائم مرکزی سیل کے ساتھ اُن کا رابطہ جوڑیں تاکہ عوام کی شکایات اور مسائل جلدازجلد حل ہو سکیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات میں عوام نے تحریک انصاف کو تبدیلی کے منشور پر ووٹ دیا ہے جب تبدیلی آئے گی تو لوگوں کے سارے مسائل خود بخود حل ہو جائیں گے تبدیلی کا مطلب چہروں کی نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی ہے ایسی تبدیلی جس میں غریب کو انصاف ملے، سرکاری محکموں میں کرپشن اور کمیشن کا خاتمہ ہو، پٹوار خانوں میں رشوت نہ ہو، تھانوں میں غریبوں کے ساتھ زیادتی نہ ہو، سکولوں میں تعلیم ہو، ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات مہیا ہوں، سرکاری ملازمتیں ، تقرریاں اور تبادلے ذاتی پسند و ناپسند کی بجائے صرف میرٹ کی بنیاد پر ہوں اور وزراء ا ور مشیر پیسوں پر نوکریاں نہ بیچیں انہوں نے کہا کہ بحیثیت وزیراعلیٰ میرا کام پارٹی کے منشور اور پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے جو میں ہر قیمت پر کروں گا چاہے کسی کو اچھا لگے یا برا ہم ایک ایسا فول پروف سسٹم بنا رہے ہیں جس میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہو گی نہ ہی سفارش اور رشوت چلے گی بلکہ سارے کام میرٹ کی بنیاد پر ہوں گے اور عوام کا پیسہ کسی کی جیبوں میں جانے کی بجائے صرف تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود پر خرچ ہو گا محکمہ پولیس میں اصلاحات کا حوالہ دیتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ پولیس کو ہر قسم کی سیاسی و غیر سیاسی دباؤ سے مکمل طور پر آزاد کر لیا گیا ہے اُنہوں نے انکشاف کیا کہ اب محکمہ تعلیم، صحت، پولیس اور دیگر ساری بھرتیاں نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی تمام محکموں اور اداروں میں بھی اصلاحات لائی جا رہی ہیں اگر چہ وہ دعویٰ نہیں کرتے کہ سب کچھ ٹھیک ہو گیا ہے مگر کافی حد تک بہتری ضرور آئی ہے اور عوام ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتری محسوس کرتے رہیں گے کیونکہ تبدیلی راتوں رات نہیں آتی بلکہ اس میں وقت لگتا ہے وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے میں اوپر کی سطح پر کرپشن کا خاتمہ کر دیا گیا ہے مگر نچلی سطح پر کرپشن کے واقعات اب بھی سامنے آ رہے ہیں جس سے وہ بے خبر نہیں بلکہ ایسے ہر واقعہ کی نہ صرف خبر رکھتے ہیں بلکہ اس سد باب کیلئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں کرپشن اور رشوت میں ملوث اعلیٰ و ادنیٰ تمام اہلکاروں کو بے نقاب کیا جائے گا اور انہیں عبرتناک سزا دی جائے گی پرویز خٹک نے کہا کہ تمام کوششوں کے باوجود ہم انسان ہیں اور انسانوں سے غلطیاں بھی سرزد ہو سکتی ہیں پارٹی کارکن ہماری ہر غلطی کی نشاندہی کر کے ہماری رہنمائی کریں دانستہ طور پر ہم کبھی غلط کام نہیں کریں گے اور نہ ہمارے پاس اس کی گنجائش ہے کیونکہ نہ صرف میڈیا بلکہ ہمارے قائد عمران خان، عوام اور پارٹی کے جوانوں کی نظریں ہمیشہ ہم پر لگی رہتی ہیں میں جب صبح گھر سے نکلتا ہوں تو روز اللہ تعالیٰ سے یہ دعا کرتا ہوں کہ مبادا غلطی سرزد نہ ہو جائے آئی ایس ایف کے عہدیدارں کی طرف سے گزشتہ ادوار میں بعض سرکاری یونیورسٹیوں میں انتظامی عہدوں پر سیاسی تقرریوں کی شکایت پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ حکمرانوں کی طرح ہم سرکاری و نیم سرکاری اور خود مختار اداروں میں اپنے منظوری نظر افراد کو اعلیٰ عہدوں پر تعینات نہیں کریں گے اور نہ سیاسی بنیادوں پر تقرریاں اور تبادلے کریں گے بلکہ یہ سارے کام میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پرہوں گے اگر کوئی شخص میرٹ اور اہلیت کے معیار پر پورا اترتا ہو تو ہم ضرور اس کو تعینات کریں گے چاہے وہ ہمارا مخالف یا دشمن ہی کیوں نہ ہو کیونکہ جب اعلیٰ عہدوں پر غیر سیاسی، غیر جانبدار اور اہل لوگ تعینات ہوں گے تو ادارے مضبوط ہوں گے تب وہ عوام کو بہتر خدمات فراہم کر سکیں گے اور یہی اصل تبدیلی ہے بعض سرکاری یونیورسٹیوں خصوصاً ہاسٹلوں میں مقیم بعض طلبہ تنظیموں سے وابستہ طلباء کے پاس اسلحے کی موجودگی کی شکایت پر وزیراعلیٰ نے مشیر برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق غنی کو ان تعلیمی اداروں کو اسلحے سے پاک کرنے کے سلسلے میں یونیورسٹی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ حکام کا ایک مشترکہ اجلاس بلا کرایکشن پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی انہوں نے تعلیمی اداروں میں ایسے غیر قانونی سرگرمیوں کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو عناصر اعلیٰ تعلیمی اداروں کے پر امن تعلیمی ماحول کو خراب کرنے میں ملوث ہیں ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گاطلبہ سرگرمیوں کی آڑ میں کسی کو بھی تعلیمی اداروں کے ماحول کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی کسی سرکاری ادارے کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے دیا جائے گا انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے جوانوں کو پارٹی کا ہر اول دستہ قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے جوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ پارٹی کا پیغام گھر گھر تک پہنچانے میں کردار ادا کریں وفود نے تبدیلی کے ایجنڈے پر عملدرآمد، نظام کی تبدیلی اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت کے اقدامات کی وجہ سے ایک واضح فرق نظر آنے لگا ہے اور عوام خود بھی اس کا اعتراف کرر ہے ہیں اُنہوں نے تبدیلی کے اس عمل کو جاری رکھنے اور اسے مزید بہتر بنانے کیلئے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔