گڈانی پاور منصوبہ حکومت کا قابل مثال منصوبہ ہے ، جلد تکمیل کی ضرورت ہے ، وفاقی وزیر خزانہ ،مقامی نجی شعبہ کے وسائل کی بی او ٹی کی شرائط پر حوصلہ افزائی کی جائے گی ،ا سحاق ڈار کا خطاب ،وزیر خزانہ کی جامشورو کوئلہ سے چلنے والے منصوبہ کی تعمیر کے عمل کو تیز کرنے کی بھی ہدایت،نیسپاک تمام منصوبہ کا پی سی ون تیار کر رہا ہے ، جیٹی کی تعمیر اور متعلقہ انفراسٹرکچر بھی شامل ہوں گے ، نرگس سیٹھی کی بریفنگ

اتوار 9 مارچ 2014 16:35

گڈانی پاور منصوبہ حکومت کا قابل مثال منصوبہ ہے ، جلد تکمیل کی ضرورت ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ گڈانی پاور منصوبہ حکومت کا قابل مثال منصوبہ ہے ، جلد تکمیل کی ضرورت ہے ، مقامی نجی شعبہ کے وسائل کی بی او ٹی کی شرائط پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اتوار کو یہاں وفاقی وزیر خزانہ اسحا ق ڈار کی زیر صدارت گڈانی پاور پارک کے معاملات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا جس میں وزارت خزانہ کے مشیر رانا اسد امین، ایڈیشنل سیکرٹری شاہد محمود اور وزارت خزانہ کے اعلی حکام نے شرکت کی

اس موقع پر اقتصادی امور ڈویژن کی سیکرٹری نرگس سیٹھی نے وزیر خزانہ کو منصوبہ کے بورڈ کے فریم ورک کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبہ کی جگہ بے مثال ہے کیونکہ یہ کراچی کے قریب ہے اور یہاں پر سب انڈسٹریل سٹیٹ کے بنیادی ڈھانچہ سے بھی فائدہ ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پارک میں کوئلہ سے چلنے والے 10 پاور پلانٹس، راکھ کو ٹھکانے لگانے کے یونٹس، رہائشی علاقہ، سکول اور کھیل کے میدان شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیسپاک تمام منصوبہ کا پی سی ون تیار کر رہا ہے جس میں جیٹی کی تعمیر اور متعلقہ انفراسٹرکچر بھی شامل ہوں گے۔

اس موقع پر وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ منصوبہ پی ایم ایل این کی حکومت کا قابل مثال منصوبہ ہے اور اس کی جلد از جلد تکمیل کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں الٹرا سپر ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی اور آزاد ذرائع سے تفصیلی سٹڈی کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے استعمال سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کی ضرورت ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مقامی نجی شعبہ کے وسائل کی بی او ٹی کی شرائط پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے بجلی کی سستی ترین پیداوار کے منصوبہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہماری وسط اور لمبی مدت کیلئے بجلی کی ضروریات پوری ہونگی۔

وزیر خزانہ نے آئی پی ڈی ایف کو ہدایت کی کہ وہ گڈانی منصوبہ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کے ساتھ مل کر کام کرے۔ انہوں نے جامشورو کوئلہ سے چلنے والے منصوبہ کی تعمیر کے عمل کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی جس کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک سے فنڈز بھی پہلے سے دستیاب ہیں۔

متعلقہ عنوان :