دینی مدارس کی آزادی ،حریت فکر وعمل اور خود مختاری کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا ،وفاق المدارس ،دینی مدارس کا نصاب تعلیم جامع اور عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے ،انتہا پسندی ،تشدد اور عسکریت پسندی سے مدارس دینیہ کا کوئی تعلق نہیں ،قومی سلامتی پالیسی کی آڑ میں دینی مدارس کے خلاف کسی بھی منصوبہ کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا ،مولانا حنیف جالندھری ،دینی مدارس کی خدمات کو اجاگر کرنے اور ان کے خلاف کی جانے والی سازشوں سے عوام الناس کو آگاہ کرنے کے لیے ملک گیر ”تحفظ مدارس دینیہ “کانفرنسز کے انعقاد کا اعلان

اتوار 9 مارچ 2014 16:39

دینی مدارس کی آزادی ،حریت فکر وعمل اور خود مختاری کو ہر قیمت پر برقرار ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9مارچ۔2014ء) دینی مدارس کی آزادی ،حریت فکر وعمل اور خود مختاری کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا،دینی مدارس کا نصاب تعلیم جامع اور عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے ،انتہا پسندی ،تشدد اور عسکریت پسندی سے مدارس دینیہ کا کوئی تعلق نہیں ،قومی سلامتی پالیسی کی آڑ میں دینی مدارس کے خلاف کسی بھی منصوبہ کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گاان خیالات کا اظہاروفا ق المدارس العربیہ پاکستان کے رہنماوٴں مولانا محمد حنیف جالندھری ناظم اعلی ٰ وفاق المدارس ،مولانا قاضی عبدالرشید ڈپٹی سیکرٹری جنرل ،مولانا ظہور احمد علوی ،مولانا نذیر فاروقی اور وفاق المدارس کے دیگر رہنماوٴں نے جامعہ محمدیہ اسلام آباد میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

وفاق المدارس کے قائدین نے دینی مدارس کی خدمات کو اجاگر کرنے اور ان کے خلاف کی جانے والی سازشوں سے عوام الناس کو آگاہ کرنے کے لیے ملک گیر” تحفظ مدارس دینیہ “ کانفرنسز کا بھی اعلان کر دیا ۔وفاق المدارس کے قائدین نے کہا کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے اور دین کی نشرواشاعت کے مراکز ہیں ان کی آزادی اور حریتِ فکر وعمل کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا ۔

انہوں نے کہا اس سے قبل بھی بارہا خوشنما نعروں کی آڑ میں میں دینی مدارس کے خلاف مہم جوئی کی کوششیں کی گئیں لیکن وہ ناکامی سے دوچار ہو گئیں۔ اب بھی اگر کسی بھی شکل میں ایسی کوئی کوشش کی جائے گی تو اس کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی اور اس کو کسی صورت بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ قومی سلامتی پالیسی کی آڑ میں دینی مدارس کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی کوشش پوری قوم کے لیے ناقابل قبول ہے ایسے کسی بھی منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ۔

وفاق المدار س کے قائدین نے وضاحت کی کہ دینی مدارس کا نصابِ تعلیم جامع اور موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے اور وفاق المدارس کی ملک بھر کے ماہرین تعلیم اور نامور علماء کرام پر مشتمل نصابی کمیٹی نصاب کا وقتا فوقتا جائزہ لے کر اس میں حسب ضرورت تبدیلیاں کرتی رہتی ہے اس لیے بیرونی اشاروں پر دینی مدارس کو نصاب ِ تعلیم اور نظام تعلیم کے حوالے سے کسی کی ڈکٹیشن قبول نہیں ۔

اس موقع پر وفاق المدارس کے قائدین نے دینی مدارس کی خدمات کو اجاگر کرنے اور ان کے خلاف کی جانے والی سازشوں سے عوام الناس کو آگاہ کرنے کے لیے ملک گیر تحفظ مدارس دینیہ اجتماعات کے انعقاد کا بھی اعلان کیا ۔انہوں نے بتایا کہ اجتماعات کے انعقاد کے اس سلسلے کا آغاز 20مارچ کو اسپورٹس گراوٴنڈ کلمہ چوک ملتان کے عظیم الشان اور فقید المثال اجتماع سے ہوگا۔

اس سلسلے کا دوسرا اجتماع 23مارچ کو جامعہ دارالعلوم کراچی میں ہو گا ،تیسرا اجتماع 25مارچ کو کوئٹہ جبکہ چوتھا اجتماع 27مارچ کو پشاور میں ہوگا، پانچواں اجتماع مظفر آباد اور چھٹا اجتماع گلگت میں ہوگا(جن کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا)اور آخر میں 24اپریل کو اسلام آباد میں عالمی اجتماع انعقاد پذیر ہوگا ۔ا ن اجتماعات میں پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات کو انعامات اور متعلقہ مدارس کو اعزازات سے نوازا جائے گا ۔

وفاق المدارس کے قائدین نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان اجتماعات میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ شریک ہوں گے ۔وفاق المدارس کے قائدین نے کہا کہ یہ اجتماعات لوگوں کو مدارس کے کردار وخدمات سے روشناس کروانے اور مدارس کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے کے توڑ کا ذریعہ بنیں گے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں یہ اجتماعات امن کا پیغام اور ملکی استحکام کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے ۔وفاق المدارس کے قائدین نے کہا کہ ان اجتماعات کی تیاریوں کے لیے ملک بھر میں کنوینئر مقرر کر کے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں ہیں اور ملک بھر کے تمام اہم شہروں میں اجتماعات کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں ۔

متعلقہ عنوان :