گڈانی کے قریب کوچز اور آئل ٹینکر میں تصادم سے 38 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

ہفتہ 22 مارچ 2014 19:12

گڈانی کے قریب کوچز اور آئل ٹینکر میں تصادم سے 38 افراد جاں بحق، متعدد ..

حب(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2014ء) کوئٹہ کراچی شاہراہ پر 2 مسافر کوچوں اور آئل ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 38 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے ساحلی شہر گڈانی کے قریب چکر نالے پر کوئٹہ سے کراچی آنے والی بدنصیب مسافر کوچ ٹائر پھٹنے سےالٹ گئی۔ ابھی الٹی ہوئی بس میں موجود افراد کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملا تھا کہ پیچھے سے آنے والا ایک ٹرک بس سے جا ٹکرایا، اسی دوران کراچی آنے والی ایک اور بس بھی ڈرائیور کی مبینہ جلد بازی کی وجہ سے حادثہ کا شکار ہونے والی گاڑیوں سے ٹکرا کر الٹ گئی، تصادم کے نتیجے میں تینوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور بس کے خفیہ خانوں اور چھتوں پر رکھے اسمگل شدہ ایرانی پیٹرول نے اس آگ کو مزید بھڑکا دیا جس سے بڑی تعداد میں مسافر جھلس گئے۔

(جاری ہے)

واقعے کی اطلاع ملنے پر کراچی اور حب سے امدادی ٹیموں کو روانہ کیا گیا جنہوں نے حادثے کےمقام پر لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر سول اسپتال کراچی پہنچایا۔

صوبائی حکام اور طبی عملے نےحادثے میں 38 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے جبکہ کئی زخمیوں کو حب اور کراچی کے سول اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے کئی افراد کی لاشیں شناخت کے قابل نہیں جن کے نمونے ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے اسلام آباد بھجوادیئے گئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضاع پر ہلاکت شدگان کے لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبد المالک سے پرزور اپیل کی کہ وہ اس ہولناک تصادم میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کا غم بانٹیں۔

متعلقہ عنوان :