Live Updates

جنوبی پنجاب اور بڑے شہروں میں بھی میٹرو بس سروس کی سہولت فراہم کرینگے، وزیراعلیٰ شہباز شریف ،میٹرو بس سروس پبلک ٹرانسپورٹ سیکٹر میں انقلاب برپا کرے گی، عوام کی خدمت اور ترقی کا مشن جاری رکھیں گے،راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبہ 10 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جائے گا، منصوبے سے جڑواں شہروں کے یومیہ ڈیڑھ لاکھ مسافر استفادہ کرینگے،وقت نے میٹرو بس سروس کے ناقدین کو غلط ثابت کردیا ہے، تاجروں سے ایکوائر کی جانیوالی اراضی کی قیمت مارکیٹ ریٹ کے مطابق ادا کی جائیگی،وزیراعظم نواز شریف کے ترقی کے وژن کو محنت اور لگن کیساتھ تسلسل سے آگے بڑھائینگے، میٹرو بس منصوبے کے مخالفین کے ہاتھ کچھ نہیں آئیگا، وزیراعلیٰ پنجاب

اتوار 23 مارچ 2014 18:55

جنوبی پنجاب اور بڑے شہروں میں بھی میٹرو بس سروس کی سہولت فراہم کرینگے، ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ میٹرو بس سروس پبلک ٹرانسپورٹ سیکٹر میں انقلاب لائے گی۔ وزیر اعظم محمدنواز شریف نے 23 مارچ کے یادگار دن پر جس عظیم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ہے اسے10 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جائے گا، لاہور میٹرو بس پراجیکٹ سے روزانہ پونے دو لاکھ افراد آرام دہ، باکفایت اور تیز رفتار سفری سہولتوں سے مستفید ہو رہے ہیں جبکہ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ سے بھی جڑواں شہروں کے یومیہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد مسافر استفادہ کریں گے، قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کو فلاحی مملکت بنانے کے جو خواب دیکھے تھے، ان کی تکمیل کیلئے پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو تیسری بار عوام کی خدمت کا موقع فراہم کیا ہے، میٹرو بس منصوبے کی مخالفت کرنے والوں کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا اور لمبی گاڑیوں پر سفر کرنے والوں کی نسبت میٹرو بس پرسفر کرنے والے پہلے اسلام آباد پہنچیں گے، پاکستان کے موجودہ حالات دیکھ کر آزادی کیلئے جدوجہد کرنے والوں کی روحیں تڑپ رہی ہوں گی کہ آج پاکستان کس حال میں ہے لیکن ہم پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے،وزیر اعظم محمدنواز شریف کے وژن کے تحت 1990 سے موٹر وے کی صورت میں جس سفر کا آغاز کیا گیا تھا وہ پورے ملک میں جاری و ساری رہے گا اور جنوبی پنجاب اوردیگربڑے شہروں میں بھی میٹرو بس سروس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

وہ راولپنڈی میں راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے یوم پاکستان کے موقع پر راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس کے عظیم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو بس سروس کے منصوبے کی تکمیل سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے دونوں شہر صحیح معنوں میں "جڑواں شہر " بن جائیں گے۔

جس طرح آج لاہور میں طلباء و طالبات, سرکاری ملازمین , افسران , وکلاء , ڈاکٹرز , تاجر اور زندگی کے تمام شعبو ں سے تعلق رکھنے والے افراد اپنی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں کھڑی کر کے میٹرو بس سروس کے ذریعے اپنے دفاتر اور کام کاج کی منزل پر آ جا رہے ہیں، اسی طرح راولپنڈی اسلام آباد کے شہری بھی میٹرو بس سروس کی تیز رفتار اور باکفایت سہولت سے مستفید ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں اور پاکستان بنانے کیلئے جدوجہد کرنے والوں نے جو خواب دیکھا تھا وہ گزشتہ دہائیوں میں بکھر گیا اور پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکا۔ جس آزادی کیلئے لاکھوں کروڑوں لوگوں نے ہجرت کی اور اپنی جان و مال کا نذرانہ پیش کیا اور جن کی خواہش تھی کہ پاکستان بننے سے خطے کے مسلمانوں کو محنت کی بنیاد پر ترقی کے مساوی مواقع اور حقوق ملیں گے اور میرٹ کے تحت ہر کوئی ترقی کر سکے گا لیکن بدقسمتی سے قیام پاکستان کے اس خواب کی ابھی تک تعبیر نہ ہو سکی اور جہاں انصاف ہونا تھا وہاں ناانصافی اور معاشی ناہمواری نے جگہ لے لی اور جہاں شفافیت ہونا تھی وہاں کرپشن پھیل گئی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب لاہور میں میٹرو بس منصوبے کی تعمیر شروع ہوئی تو اس کی مخالفت کرنے والے لمبی گاڑیوں والے لوگ تھے جن کو یہ کبھی بھی پرواہ نہیں تھی کہ ایک طالبعلم ‘ ایک مریض‘ ایک ڈاکٹر ‘ ایک سرکاری ملازم ‘ ایک سرکاری افسر اور مزدور اپنے کام پر کتنے رکشے بدل کر پہنچتا ہے اور میٹرو بس منصوبے پر تنقید کرنے والوں میں کوئی کہتا تھا کہ یہ جنگلا بس ہے اور اس پر ستر ارب روپے سے زیادہ خرچ ہو گئے ہیں اور اس منصوبے کا کوئی فائدہ نہیں لیکن وقت نے آج ثابت کر دیا کہ گجومتہ سے لے کر شاہدرہ تک مائیں بہنیں‘ وکلاء‘ مریض‘ ڈاکٹرز اور پونے دو لاکھ سے زائد مسافر روزانہ اپنی منزلوں پر آتے اور جاتے ہیں اور میں کہتا تھا کہ ایک وقت آئے گا جب لمبی چوڑی گاڑیوں والے لوگوں سے پہلے غریب ‘ مزدور‘محنت کش اور شہری اپنی منزلوں پر پہنچیں گے ․ اور میٹرو بس منصوبے سے یہ بات عملًا ثابت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میٹرو بس سروس پر تنقید کرنے والی بعض سیاسی جماعتیں جو کھل کر سامنے بھی نہیں آرہیں ماحولیات اور دیگر حیلے بہانوں کی آڑ میں اس منصوبے میں رکاوٹیں ڈالنا چاہ رہی ہیں۔عدلیہ نے عام شہری‘ طالبعلم ‘ ملازمین اور مفاد عامہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایسے مخالفین کو حکم امتناعی نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف سے اپیل ہے کہ وہ میٹرو بس سروس میں وفاق اور صوبے کی طرف سے ففٹی ففٹی فنڈز فراہم کرنے کی جو بات منصوبے کی منظوری کے وقت طے ہوئی تھی وہ اس پر نظر ثانی کریں کیونکہ راولپنڈی کے مری روڈ والے حصے پر اسلام آباد کی نسبت زیادہ اراضی ایکوائر کرنا پڑے گی اور اس کیلئے ادائیگیوں کا بوجھ صوبے کی سکت سے باہر ہے۔

محمد شہباز شریف نے مری روڈکے تاجروں کو یقین دلایا کہ جن تاجروں کی دکانیں , جائیداد اور زمین ایکوائر کی جائے گی انہیں مشاورت سے مارکیٹ ریٹ کے مطابق ادائیگیاں کی جائیں گی جس طرح ہم نے لاہور میٹرو بس پراجیکٹ کے دوران تاجروں کو ادائیگیاں کیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کے ترقی کے وژن کو محنت اور لگن سے تسلسل کے ساتھ آگے بڑھائیں گے اور عوام کی خدمت اور ترقی کا مشن جاری رکھیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان, وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز‘ صوبائی وزراء راجہ محمد اشفاق سرور‘ چوہدری تنویر اسلم ‘ چوہدری شیر علی‘سنیٹرز‘ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز و رہنماؤں‘ ایوان صنعت و تجارت کے عہدیدار‘ وکلاء‘ خواتین اور دیگر شعبہ زندگی کی نمایاں شخصیات کے علاوہ کمشنر راولپنڈی ‘ چیئرمین سی ڈی اے , چیف کمشنر اسلام آباد‘سیکرٹری اطلاعات پنجاب‘ ڈی سی او راولپنڈی سمیت سینئر سرکاری حکام نے تقریب میں شرکت کی۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات