ایکسپریس میڈیا گروپ پر مسلسل حملوں کیخلاف صحافی برادری کا ملک گیر احتجاج

ہفتہ 29 مارچ 2014 12:41

ایکسپریس میڈیا گروپ پر مسلسل حملوں کیخلاف صحافی برادری کا ملک گیر احتجاج

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29مارچ 2014ء) ایکسپریس میڈیا گروپ پر مسلسل حملوں کے خلاف صحافی برادری کی جانب سے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یوجے) کے صدر رانا عظیم کا کہنا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں صحافی برادری ایکسپریس نیوز کے ساتھ کھڑی ہے اور ملزمان کی گرفتاری تک روزانہ ایک گھنٹے تک دھرنا دیا جائے گا۔

پی ایف یو جے نے ایکسپریس نیوز کے اینکر پرسن رضا رومی پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزمان کی گرفتار کے لئے پنجاب حکومت کو7 روز کا الٹی میٹم دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر ملزمان کو گرفتار نہ کیا گیا تو صوبے بھر میں بھرپور احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے بھی ایکسپریس میڈیا گروپ کے اینکر پرسن پر حملے کے خلاف دھرنا دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

کے یو جے کے صدر جی ایم جمالی کا کہنا ہے کہ ایکسپریس میڈیا گروپ پر حملوں کے باوجود صحافیوں کے حوصلے کمزور نہیں ہوں گے اور ہم تمام تر دھمکیوں اور حالات کے باوجود اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر حق وسچ کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔

لاہور پریس کلب کے باہر بھی ایکسپریس میڈیا گروپ اور صحافیوں سے اظہار یک جہتی کے لئے احتجاجی مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام بھی ایکسپریس نیوزکے اینکر پرسن پر حملے کے خلاف آج بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں پشاور، ملتان، فیصل آباد، راولپنڈی، گجرانوالہ، رحیم یار خان، خانیوال، سبی، جیکب آباد، حیدرآباد، میرپور خاص، ٹنڈو آدم، لاڑکانہ، سکھر اور مٹھی میں صحافی برادری کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کئے جا رہے ہیں.

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایکسپریس نیوز کے پروگرام ‘خبر سے آگے’ کے اینکر پرسن رضا رومی پر قاتلانہ حملے میں ان کا ڈرائیور جاں بحق جب کہ محافظ شدید زخمی ہو گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :