ورلڈ ٹی ٹوئنٹی، بھارت نے باآسانی آسٹریلیا کو73 رنز سے شکست دیدی

اتوار 30 مارچ 2014 21:42

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی، بھارت نے باآسانی آسٹریلیا کو73 رنز سے شکست دیدی

میرپور: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو باآسانی 73 رنز سے شکست دے دی، کینگروز ٹیم 160 رنز کے تعاقب میں 86 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔میرپورکے شیربنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کینگروز کپتان جارج بیلی نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تو مقررہ 20 اوورز میں بھارتی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر159 رنز بنا سکی، ہدف کے تعاقب میں کینگروز بیٹنگ لائن بھارتی بولروں کے سامنے لڑکھڑا گئی اور کوئی بیٹسمین زیادہ دیر کریز میں جم کر نہ کھیل سکا، 21 کے مجموعے پر ابتدائی 3 بیٹسمین پویلین لوٹ گئے، بھارتی بولروں نے کسی بیٹسمین کو اپنے اوپر حاوی ہونے نہ دیا جارحانہ انداز سے بیٹنگ کرنے والے گلین میکسویل بھی 12 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 23 رنز بنا سکے،ڈیوڈ وارنر 19 اور بریڈ ہوگ 13 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے اور ان کے علاوہ کوئی بیٹسمین ڈبل فیگر میں شامل نہ ہوسکا،بھارت کی جانب سے روی چندرن ایشونت نے 4 اور امیت مشرا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

اس سے قبل بھارتی ٹیم نے بیٹنگ کی توآغازمایوس کن رہا اور پہلے ہی اوور میں روحت شرما 5 رنز بنا کر بریڈ ہوگ کا شکار بن گئے جس کے بعد ویرات کوہلی اور اجنکایا ریہانے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 40 رنز کی شراکت قائم کی ہی تھی کے 46 کے مجموعہ پر کوہلی بولنجر کی گیند پر وکٹ کیپرکو کیچ دیکر پویلین لوٹ گئے،انہوں نے 2 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 22 رنز بنائے اسی طرح ریہانے 19، کپتان مہندرا سنگھ دھونی 24، سریش رائنا 6 اور روندرا جدیجا 3 رنز بنا سکے، بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے یووراج سنگھ 60 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ میچ میں 4 وکٹیں حاصل کرنے والے روی چندرن ایشونت کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :