مارننگ گلوری کے پاکستانی عملے کو وطن واپس لانے کے تمام انتظامات مکمل ہوگئے، دفترخارجہ

بدھ 2 اپریل 2014 12:36

مارننگ گلوری کے پاکستانی عملے کو وطن واپس لانے کے تمام انتظامات مکمل ..

اسلام آ باد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2اپریل 2014ء) ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کا کہنا ہے کہ مارننگ گلوری کے پاکستانی عملے کو وطن واپس لانے کے تمام انتطامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کے مطابق مارننگ گلوری میں پاکستانی عملے کو وطن واپس لانے کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، فلائٹ کی سیٹیں کنفرم ہونے پر آج شام یا کل صبح تک تمام افراد وطن واپسی کے لئے روانہ ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان کا کہنا ہے کہ مارننگ گلوری کے عملے میں پاکستان کے 4 افراد کو کراچی جب کہ ایک کو لاہور لایا جائے گا۔ بحری قزاقوں سے رہائی پانے والے مارننگ گلوری کے پاکستانی عملے کو گزشتہ روز لیبیا میں پاکستان کے سفارتخانے کے حوالے کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ لیبیا کے باغیوں کے ہاتھوں ہائی جیک ہونے والے مارننگ گلوری کو امریکی بحریہ نے کارروائی کرکے آزاد تو کروا لیا تھا لیکن اس کے باوجود جہاز کے عملے کی تکلیف کم نہ ہوئی اور حکومت اور باغیوں کے درمیان کشیدگی کے باعث عملے نے گزشتہ کئی دن انتہائی اذیت میں گزارے جبکہ اس دوران عملے کے اہل خانہ بھی ذہنی اذیت میں مبتلا رہے۔