مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، خواجہ سعد رفیق

بدھ 2 اپریل 2014 13:13

مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2اپریل 2014ء) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہنا ہے کہ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر مشاورت جاری ہے اور اس حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پرویز مشرف نے آئین توڑنے کا سنگین جرم بار بار کیا، اگر انہیں غدار نہیں تو اور کہا جائے گا، پرویز مشرف خود میں ہمت پیدا کریں اور ڈرامے بازی چھوڑ کر مقدمے کا سامنا کریں۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست موصول ہوئی جس سے متعلق مشاورت جاری ہے تاہم ابھی اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مشرف کے خلاف کارروائی حکومت کی منشا پر نہیں بلکہ عدالت کے حکم پر ہو رہی ہے، مشرف انوکھے مریض ہیں جو آئی سی یو میں ہوتے ہوئے بھی عدالت چلے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پرویز مشرف کی والدہ کی بیماری کے حوالے سے کہا کہ کیا صرف ان کی والدہ ہی بیمار ہیں اور اگر وہ اس بہانے سے ملک سے نکل گئے تو قوم کو کیا جواب دیں گے۔

اس سے قبل قومی اسمبلی میں تحریری جواب جمع کراتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ ریلوے کو 10 مارچ تک 16 ارب 24 کروڑ روپے کی آمدن ہوئی جبکہ رواں مالی سال ریلوے کی آمدن کا تخمینہ 21 ارب 60 کروڑ روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے گزشتہ 40 سالوں سے خسارے میں ہے تاہم رواں سال ریلوے کا خسارہ کم ہوگا اور اس کی آمدن میں اضافہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :