غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی، پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان معاہدہ

جمعرات 3 اپریل 2014 20:00

غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی، پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان معاہدہ

کوالالمپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اپریل۔2014ء) ملائیشیاء سے 3 ہزار غیر قانونی پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔ پاکستان ہائی کمیشن کی درخواست پر غیر قانونی باشندوں پر فی کس جرمانہ ایک لاکھ سے کم کرکے 15 ہزار روپے کر دیا گیا۔ لاپتہ صحافی شہزاد مرزا کی معلومات کیلئے پاکستان ہائی کمیشن کی ہنگامی کوششیں جاری ملائیشیاء میں 10 لاکھ سے زائد غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈائون میں 250 پاکستانی تارکین وطن گرفتار ہوئے۔

اس حوالہ سے پاکستانی ہائی کمشنر سید حسن رضا اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی سید اظہر ہاشمی نے ہنگامی طور پر ملائیشین امیگریشن حکام سے ملاقاتیں کیں اور غیر قانونی تارکین وطن کی باعزت واپسی کا معاہدہ کیا جس پر ہزاروں غیر قانونی پاکستانیوں میں سے 1600 کے قریب افراد نے پاکستان ہائی کمیشن میں درخواستیں جمع کروائیں۔

(جاری ہے)

اس حوالہ سے سید اظہر ہاشمی نے بتایا کہ اب تک 100 کے قریب غیر قانونی افراد پاکستان واپس بھیج چکے ہیں جن میں 12 مریض، 25 خواتین و بچے، بزرگ اور جوان شامل ہیں۔

ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ ملائیشین امیگریشن کی طرف سے گرفتار کئے گئے غیر قانونی مقیم محمد یوسف نامی شخص پر فالج کا حملہ ہوا جس کے علاج معالجہ کے اخراجات حکومت پاکستان نے ہسپتال میں جمع کروائے اور اس کے کاغذات مکمل کر کے پاکستان واپسی کے اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ہائی کمشنر سید حسن رضا خصوصی اور ہنگامی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ایک سوال پر کمیونٹی ویلفیئر اتاشی نے کہا کہ جن گرفتار پاکستانی تارکین وطن کو ملائیشیاء کی عدالتوں نے قید اور جرمانوں کی سزائیں سنائی ہیں وہ ملائیشیاء کے قانون کے مطابق سزائوں کے بعد ہی وطن واپس جا سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :