افغان صدارتی انتخابات ،ووٹوں کی گنتی جاری،عبداللہ عبداللہ،اشرف غنی سب سے آگے،حامدکرزئی کے حمایتی زلمے رسول شکست کے قریب،الیکشن کمیشن میں دھاندلی کے خلاف درخواست دائر کردی

پیر 7 اپریل 2014 22:44

افغان صدارتی انتخابات ،ووٹوں کی گنتی جاری،عبداللہ عبداللہ،اشرف غنی ..

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اپریل۔2014ء) افغانستان میں صدارتی انتخابات کے انعقاد کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے جبکہ تازہ غیر سرکاری نتیجے کے مطابق عبداللہ عبداللہ اورڈاکٹراشرف غنی سب سے آگے ہیں،ادھر افغان صدرحامدکرزئی کے حمایت یافتہ زلمے رسول نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائرکردی تاہم الیکشن کمیشن نے کہاہے کہ انتخابات کے مکمل نتائج آنے کے بعد ہی دھاندلی کے الزامات کا جائزہ لیاجائیگا،میڈیارپورٹس کے مطابق افغانستان کے سابق وزیر خزانہ اشرف غنی نے کہا کہ ابھی تک دس فی صد ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی ہے جن میں انھیں 50 فی صد ووٹ حاصل ہوئے ہیں جبکہ سابق وزیر خارجہ عبداللہ عبداللہ کو 35 فی صد ووٹ ملے ہیں،ادھر عبداللہ عبداللہ نے بھی اپنی کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہاکہ انتخابات میں کامیابی ان کا مقدرہوگی ،ڈاکٹر اشرف غنی نے کہا کہ انتخابات میں واضح فاتح سامنے آنا چاہیے تاکہ ہم کہہ سکیں کہ عوام نے ہمیں اختیار دیا ہے،دریں اثنا مختلف علاقوں سے مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایتیں بھی موصل ہوئیں جن میں بعض جگہ بیلٹ پیپروں کی کمی بھی شامل ہے،الیکشن کمیشن نے ایک بیان میں کہاکہ امیدواروں کے پاس بے ضابطگیوں کے خلاف شکایت درج کرانے کا وقت ختم ہوگیاہے اورتمام شکایتوں کا جائزہ مکمل نتائج کے اعلان کے بعد ہی کیاجائیگا۔

متعلقہ عنوان :