وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کی پریس کانفرنس نامعلوم وجوہات کے باعث عین وقت پرمنسوخ کردی گئی

جمعہ 11 اپریل 2014 21:39

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کی پریس کانفرنس نامعلوم وجوہات ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اپریل۔2014ء)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کی پریس کانفرنس نامعلوم وجوہات کے باعث عین وقت پرمنسوخ کردی گئی،وزیرداخلہ کی اس پریس کانفرنس کاشیڈول جمعرات کو جاری کیا گیاتھا اوروزارت داخلہ کی کوریج کرنیوالے صحافیوں کو جمعہ کی صبح بھی ترجمان کی طرف سے بطورخاص تاکید کی گئی تھی کہ وہ وزیرداخلہ کی اہم پریس کانفرنس میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کی شام جب مقررہ وقت پرمیڈیا کی ٹیمیں پریس کانفرنس کی کوریج کیلئے پہنچیں تو وہاں موجود وزارت داخلہ کے ترجمان نے معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ وزیرداخلہ کی پریس کانفرنس منسوخ کردی گئی ہے تاہم ترجمان نے صحافیوں کو پریس کانفرنس کی منسوخی کی وجوہات سے آگاہ نہیں کیا واضح رہے کہ اس اہم پریس کانفرنس میں وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے طالبان سے مذاکرات کی تازہ ترین صورتحال، سبی اوراسلام آباد میں بم دھماکوں کے حوالے سے میڈیا کو آگاہ کرناتھا جمعہ کی صبح وزیراطلاعات ونشریات پرویزرشید نے بھی لوک ورثہ میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کہاتھا کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان طالبان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے جمعہ کی شام میڈیا کو بریفنگ دیں گے مگر نامعلوم وجوہات کی بناء پر وزیرداخلہ کی پریس کانفرنس اچانک منسوخ کردی گئی۔