ترکی کے وزیراعظم رجب طیب ایردوان نے سوشل میڈیا کے خلاف ملک کی اعلیٰ ترین عدالت سے رجوع کرلیا

ہفتہ 19 اپریل 2014 14:44

ترکی کے وزیراعظم رجب طیب ایردوان نے سوشل میڈیا کے خلاف ملک کی اعلیٰ ..

انقرہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19اپریل 2014ء) ترکی کے وزیراعظم رجب طیب ایردوان نے سوشل میڈیا کے خلاف ملک کی اعلیٰ ترین عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔ ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیراعظم نے ترکی کی اعلیٰ آئینی عدالت میں ایک درخواست دائر کی جس میں انہوں نے الزام لگایا کہ سوشل میڈیا ان کے اور ان کے اہل خانہ کے حقوق پامال کر رہا ہے۔ خیال رہے کہ بعض حکومتی وزرا کی مبینہ بدعنوانی سے متعلق دستاویزات اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد ایردوان حکومت نے گزشتہ ماہ ٹوئٹر اوریوٹیوب پر پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ترکی کی آئینی عدالت نے ٹوئٹر پر پابندی کو غیر آئینی اور اظہاررائے کی آزادی کے خلاف قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دے دیا تھا جس پروزیراعظم نے سخت تحفظات ظاہر کیے تھے۔سینئر حکومتی عہدیداران کے مطابق ترک وزیراعظم کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست میں موقف اختیار کیا گیاکہ سوشل میڈیا ویب سائٹس نے عدالتی حکم کے باوجود متنازع مواد نہیں ہٹایا ہے جس سے ان کے حقوق متاثر ہورہے ہیں۔وکیل کے ذریعے دائر کی جانے والی درخواست میں ترک وزیراعظم نے ان ویب سائٹس پر 50 ہزار لیرا (ساڑھے 23 ہزار امریکی ڈالرز کے مساوی) ہرجانے کا دعویٰ کیا ۔