حکومت مذاکرات اور دہشت گرد حملے کر رہے ہیں، الطاف حسین

منگل 22 اپریل 2014 11:54

حکومت مذاکرات اور دہشت گرد حملے کر رہے ہیں، الطاف حسین

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22اپریل 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے خیبرپختونخواکے شہروں پشاوراورچارسدہ میں دہشت گردوں کی جانب سے کئے جانے والے بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردوں سے مذاکرات کر رہی ہے جب کہ دہشت گرد حملے کر رہے ہیں۔ لندن سے جاری اپنے ایک بیان میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ حکومت دہشت گردی پرقابو پانے کے لئے طالبان سے مذاکرات کررہی ہے اوراس کونہایت سودمنداوربڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے جب کہ طالبان کی جانب سے خیبرپختونخوا اورقبائلی علاقوں میں سیکوریٹی فورسزکی چوکیوں، تنصیبات ،پولیس موبائلوں اورعام شہریوں پر مسلسل دہشت گردحملے اوربم دھماکے کئے جارہے ہیں، پولیس، ایف سی کے جوانوں اورعام شہریوں کے خون سے ہولی کھیلی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے کہا کہ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران پشاور اور چارسدہ میں ہونے والے بم دھماکوں میں درجنوں معصوم پولیس اہلکار اورسویلین جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں۔ انہوں نے سوال کیاکہ اگر طالبان کی جانب سے مسلسل دہشت گردحملے کئے جارہے ہیں اورپولیس ، سیکوریٹی فورسزکے افسروں،جوانوں اورسویلین کوشہید کیا جارہا ہے تو پھرحکومت آخر دہشت گردی میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف کارروائی سے کیوں گریزکررہی ہے؟ایم کیو ایم کے قائد نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی اوربم دھماکے کرکے پولیس اورسیکوریٹی فورسزاورسویلین کوخون میں نہلانے والے سفاک دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔