امریکی نوجوان طیارے کے پہیوں سے لپٹ کر کیلی فورنیا سے ہوائی پہنچ گیا

منگل 22 اپریل 2014 12:51

امریکی نوجوان طیارے کے پہیوں سے لپٹ کر کیلی فورنیا سے ہوائی پہنچ گیا

کیلی فورنیا(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22اپریل 2014ء) امریکا میں 16 سالہ نوجوان 5 گھنٹے طیارے کے پہیوں کی جگہ پر بیٹھ کر سفر کرتے ہوئے کیلی فورنیا سے ہوائی پہنچ گیا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق گھر سے بھاگا ہوا ایک 16 سالہ نوجوان ریاست کیلی فورنیا کے سان ہوزے ایئرپورٹ کے اطراف لگی حفاظتی باڑ کو عبور کرتے ہوئے رن وے پر پہنچا، جہاں پہلے ہی ایک طیارہ جزائر ہوائی جانے کے لئے تیار کھڑا تھا، نوجوان پرواز سے کچھ پہلے طیارے کے پہیوں کے لئے مخصوص جگہ میں جاکربیٹھ گیا۔

(جاری ہے)

طیارہ 5 گھنٹوں کی طویل مسافت طے کرنے کے بعد ہوائی کے شہر مؤوی پہنچا۔ جہاں ہوائی اڈے پر موجود حکام کی نظر نوجوان پر پڑی تو انہوں نے اسے حراست میں لے لیا، پوچھ گچھ کے بعد اسے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

متعلقہ فضائی کمپنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نوجوان سفر کے دوران زیادہ وقت بے ہوش رہا تاہم وہ خوش قسمت تھا جو سطح زمین سے ہزاروں میٹر اوپر آکسیجن کی کمی اور جما دینے والی سردی کے باوجود زندہ رہا۔ واضح رہے کہ اب تک طیاروں کے پہیوں والی جگہ میں چھپ کر سفر کرنے کی سیکڑوں کوششیں ہوچکی ہیں تاہم ان میں سے تقریبا 80 فیصد افراد اس دوران ہلاک ہوجاتے ہیں۔