افغانستان ، ہسپتال میں گارڈ کی فائرنگ سے تین امریکی ڈاکٹرز ہلاک ، زخمی حالت میں سیکیورٹی گارڈ گرفتار ،کیور ہسپتال کو پنسلوانیا میں غیر منافع بخش تنظیم کی جانب سے 1998 میں تعمیر کرایا گیا،تنظیم 29ممالک میں ہسپتال چلا رہی ہے ،ذرائع ،ہلاک ہونے والے تینوں افراد امریکی ڈاکٹر تھے ،امریکی سفارتخانے کی تصدیق

جمعرات 24 اپریل 2014 20:41

افغانستان ، ہسپتال میں گارڈ کی فائرنگ سے تین امریکی ڈاکٹرز ہلاک ، زخمی ..

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2014ء) افغانستان کے دارلحکومت کابل میں امریکی چیریٹی کی جانب سے چلائے جانے والے ہسپتال میں گارڈ کی فائرنگ سے تین امریکی ڈاکٹرز ہلاک ہو گئے ہیں۔حکام کے مطابق کیور انٹرنیشنل ہسپتال میں ہونے والے حادثے میں سیکورٹی گارڈ زخمی ہو گیا جسے پولیس نے پکڑ لیا تاہم ابھی تک فائرنگ کے پیچھے مقاصد واضح نہیں ہو سکے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کیور ہسپتال کے سیکورٹی گارڈ کی فائرنگ کے نتیجے میں تین غیر ملکی ہلاک اور میڈیکل اسٹاف کی ایک خاتون زخمی ہو گئیں۔واقعہ صبح دس بجے کے قریب پیش آیا جس میں حملہ آور زخمی ہو گیا اور اسے پولیس نے پکڑ لیا ہے۔ واقعہ کے پیچھے مقاصد واضح نہیں ہوسکے غیر ملکی میڈیا کے مطابق کیور ہسپتال کو پنسلوانیا میں ایک غیر منافع بخش تنظیم کی جانب سے 1998 میں تعمیر کرایا گیا، یہ 29 ممالک میں ہسپتال چلا رہی ہے اور دماغی بیماریوں اور جلے ہوئے مریضوں کے علاج میں خاص مہارت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

افغانستان میں امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے تینوں افراد امریکی ڈاکٹر تھے۔سفارتخانے نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ انتہائی افسوس کے ساتھ اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کیور ہسپتال پر حملے میں تین امریکی ہلاک ہو گئے ہیں۔واضح رہے کہ کابل میں غیر ملکیوں پر کیا جانے والا یہ تازہ حملہ ہے جہاں اس سے قبل غیر ملکی باشندوں پر متعدد حملے کیے جا چکے ہیں۔اسے سے قبل ایک لبنانی ریستوران پر حملے میں 21 افراد لاک ہو گئے تھے جبکہ ایک تعیش ہوٹل میں صحافی کے علاوہ سوئیڈش صحافی کو بھی ہلاک کردیا گیا تھا۔