کراچی میں خونی بھیڑیے ماورائے عدالت قتل کی شکل میں ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں کاشکارکررہے ہیں،الطاف حسین،شہرمیں بھیڑے معصوم نوجوانوں کی بوٹیاں کھاکرہڈیاں سڑکوں اورویرانوں میں پھینک رہے ہیں، ملک میں سفاک ،انتہاء پسند دہشت گرد،فوج ، ایف سی اورپولیس کے افسروں اورجوانوں کے گلے کاٹ رہے ہیں،نائن زیروپررابطہ کمیٹی اور حیدرآباد، سکھر ، میرپورخاص اورٹنڈوالہ یار زون میں زونل کمیٹیوں کے ارکان سے فون گفتگو

جمعہ 2 مئی 2014 22:29

کراچی میں خونی بھیڑیے ماورائے عدالت قتل کی شکل میں ایم کیوایم کے بے ..

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مئی۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ کراچی میں خونی بھیڑیئے ماورائے عدالت قتل کی شکل میں ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں کاشکارکررہے ہیں،جودرندوں کی طرح معصوموں کی بوٹیاں کھاکرہڈیاں سڑکوں اورویرانوں میں پھینک رہے ہیں، یہ سراسرظلم اور بربریت ہے اور جو لوگ بھی یہ بربریت کررہے ہیں ان پر اللہ کاعذاب عظیم نازل ہوگا۔

انہوں نے یہ بات آج ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروپررابطہ کمیٹی کے اراکین اور حیدرآباد، سکھر ، میرپورخاص اورٹنڈوالہ یار زون میں زونل کمیٹیوں کے ارکان سے فون گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ الطا ف حسین نے کہاکہ ملک میں سفاک انتہاپسند دہشت گردفوج ، ایف سی اورپولیس کے افسروں اورجوانوں کے گلے کاٹ رہے ہیں، ان پر حملے کررہے ہیں لیکن ملک کے خلاف جنگ کرنے والے ان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے کراچی میں ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں کاماورائے عدالت قتل کیا جارہاہے، انہیں گھروں سے گرفتار کرکے لاپتہ کیاجارہا ہے ،حراست کے دوران انسانیت سوزتشدد کا نشانہ بنایاجارہاہے اورقتل کرکے ان کی مسخ شدہ لاشیں پھینکی جارہی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جولوگ بھی یہ ظلم کررہے ہیں انہیں یہ یادرکھناچاہیے کہ اللہ کے ہاں دیرہے اندھیرنہیں،اگریہ ظلم بندنہیں ہوا تو معصوموں کاماورائے عدالت قتل کر نے والوں کو مظلوموں کی بدعائیں لگیں گی اورصرف انہی پرنہیں بلکہ ان کے محکموں کے بڑوں پر بھی اس ظلم پر عذاب الہٰی آئے گا۔ الطاف حسین نے کہاکہ جو لوگ بھی ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں کاماورائے عدالت قتل کررہے ہیں وہ ظلم کایہ سلسلہ بندکریں اوراپنے ظلم پر اللہ کے حضورمعافی مانگیں اوریہ یادرکھیں کہ اللہ کاعذاب آیاتوسب کچھ خس وخاشاک کی طرح بہہ جائیگا۔

الطا ف حسین نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ ماورائے عدالت قتل کئے جانے والے شہیدکارکنوں کو جنت الفردوس میں جگہ دے ، ان کے لواحقین کوصبرجمیل عطا کرے اورشہیدوں کی قربانیوں کوقبول فرمائے۔انہوں نے کہاکہ تمام تر مظالم کے باوجود ہمارے حوصلے جوان ہیں،ہم ثابت قدم ہیں ، اللہ تعالیٰ ہمیں ماضی کی طرح ہرامتحان میں ثابت قدم رہنے کاحوصلہ عطا کرے۔

اس موقع پر حیدرآباد، سکھر ، میرپورخاص اور ٹنڈوالہ یار زون کی زونل کمیٹیوں کے ارکان نے چارکارکنوں کی شہادت پرالطاف حسین سے بھی تعزیت کی اورانہیں یقین دلاتے ہوئے کہاکہ ہم نے تحریکی جدوجہدکے دوران ماضی میں بھی بڑے بڑے امتحانات اور آزمائشوں کا سامنا کیا ہے اوراب بھی ہم ہرقسم کے امتحان کاسامنا کرنے کیلئے تیار ہیں اورہرقسم کے حالات میں آپ کی قیادت میں متحدہیں۔

الطاف حسین نے کہاکہ حیدرآباد، سکھر ، میرپورخاص اورٹنڈوالہ یار زون کے عوام نے ماضی میں بھی ہرقسم کے حالات میں تحریک کابھرپورساتھ دیا جس پر میں انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتاہوں۔انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ ہمارایہ اتحادبرقراررکھے اورہمیں بڑے بڑے طوفانوں کا سامنا کرنے کاحوصلہ عطاکرے۔ اپنی گفتگوکے دوران الطا ف حسین نے پر امن یوم سوگ منانے پراندرون سندھ کے شہروں، قصبات اوردیہات کے عوام کوزبردست خراج تحسین بھی پیش کیا