کوٹ ادو،زمین کے تنازعہ پردوگروپوں میں تصادم،ایک شخص جاں بحق،کھر غربی میں مرتضیٰ کھر اور دلدا ر نامی شخص میں زمین کا تنازعہ تھا،فصل کاٹنے پر تلخ کلامی اورفائرنگ ہوگئی،امجد نامی شخص جاں بحق ،لواحقین کا لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج،جمشید دستی بھی شامل ہوگئے ،جی ٹی روڈ بلاک کردی،ورثاکا مصطفی کھر کے بیٹے بلال کھر پر فائرنگ کا الزام،تلخ کلامی ضرور ہوئی ، مرتضیٰ کھر اور بلال کھر نے فائرنگ بھی کی مگر مخالف پارٹی نے ان سے ہتھیار چھین لیے جس پر وہ واپس آگئے ،میرے بیٹے یا بھائی نے کسی کو قتل نہیں کیا،سابق گورنر پنجاب غلام مصطفی کھر کا موقف

اتوار 4 مئی 2014 21:33

کوٹ ادو،زمین کے تنازعہ پردوگروپوں میں تصادم،ایک شخص جاں بحق،کھر غربی ..

کوٹ ادو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مئی۔2014ء) مظفر گڑھ کی تحصیل کوٹ ادو میں رقبہ کے تنازعہ پر دوگروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا،مقتول کے لواحقین نے قتل کا الزام سابق گورنر پنجاب ملک غلام مصطفی کھر کے بیٹے بلال کھرپر عائد کردیا،واقعہ کے بعد لواحقین نے لاش جی ٹی روڈ پر رکھ کر احتجاج کیااورروڈ کئی گھنٹے تک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ،ایم این اے جمشید دستی بھی احتجاج میں شامل ہوگئے،تفصیلات کے مطابق کوٹ ادو کے علاقہ کھر غربی میں سابق گورنر پنجاب ملک غلام مصطفی کھر کے چھوٹے بھائی سابق رکن قومی اسمبلی مرتضیٰ کھر اور دلدا ر نامی شخص میں زمین کا تنازعہ تھا،اتوارکوفصل کاٹنے پر دونوں گروپوں میں تلخ کلامی کے بعد بات بڑھ گئی اور مر تضیٰ کھر نے سابق ممبر صوبائی اسمبلی بلال کھر کو بھی بلا لیاجس کے بعد فائرنگ کے نتیجے میں امجد نامی شخص جاں بحق ہو گیا،مقتول کے والد دلدار نے الزام عائد کیا ہے کہ فائرنگ سا بق گورنر پنجاب ملک غلام مصطفی کھر کے بیٹے بلال کھر نے کی تھی جس کے نتیجے میں اس کا بیٹا جاں بحق ہوا ،واقعہ کے بعد لواحقین نے لاش جی ٹی روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا۔

(جاری ہے)

ایم این اے جمشید دستی بھی احتجاج میں شامل ہوگئے ۔ابھی تک واقعہ کا مقدمہ درج نہیں کیا جا سکا،بلال کھر کے والد غلام مصطفی کھر نے کہاکہ تلخ کلامی ضرور ہوئی تھی جس کے بعد مرتضیٰ کھر اور بلال کھر نے فائرنگ بھی کی مگر مخالف پارٹی نے ان سے ہتھیار چھین لیے جس پر وہ واپس آگئے ،انھوں نے کہا کہ ان کے بیٹے یا بھائی نے کسی کو قتل نہیں کیا۔