گیارہویں منزل سے گرنے والا بچہ معجزاتی طور پر بچ گیا

جمعہ 16 مئی 2014 12:57

گیارہویں منزل سے گرنے والا بچہ معجزاتی طور پر بچ گیا

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16مئی 2014ء) امریکا میں پندرہ ماہ کا بچہ عمارت کی 11 ویں منزل سے گرنے کے بعد معجزاتی طور پر بچ گیا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ موسیٰ دیاب کے دونوں بازو ٹوٹ گئے ہیں۔ مصنوعی آلہ تنفس کی مدد سے سانس لے رہا ہے۔ امریکی ریاست منیسوٹا میں پندرہ ماہ کا بچہ ایک عمارت کی 11 ویں منزل سے گرنے کے بعد معجزاتی طور پر زندہ بچ گیا۔

موسیٰ دیاب کے دونوں بازو ٹوٹ گئے اور وہ مصنوعی آلہ تنفس کی مدد سے سانس لے رہا ہے تاہم اس اُمید کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ وہ زندہ رہے گا۔ موسیٰ کی معالج ٹینا سلاشر کا ایک مقامی ریڈیو سے گفتگو میں کہنا تھا کہ یقیناً یہ ایک معجزہ ہے۔ یہ اس کے خاندان کے لئے خدا کا ایک تحفہ ہے۔ بچے اتنی اونچائی سے گرنے کے بعد اکثر بچتے نہیں خصوصاً شدید دماغی چوٹ کے بغیر۔

(جاری ہے)

آپ یا میں مر جاتے۔ موسیٰ اپارٹمنٹ کی بالکنی میں لگے ہوئے لوہے کے جنگلے میں سے پھسل کر نیچے زمین پر جا گرا تھا۔ ریاست میں صومالی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے موسیٰ کے عزیر و اقارب کا کہنا ہے کہ اس کے اہل خانہ صدمے میں ہیں۔ کمیونٹی کارکن عبدی رزاق بیہی کا کہنا تھاکہ جب لوگوں کو معلوم ہوا کہ وہ زندہ ہے تو کسی کو یقین نہیں آ رہا تھا۔ مجھے اس کے والدین سے متعلق تشویش تھی۔ وہ بات تک نہیں کر پا رہے تھے۔ ڈاکٹر سلاشر کا کہنا تھا کہ بچوں کے جسم میں زیادہ لچک ہوتی ہے اور موسیٰ قدرے نرم جگہ پر گرا اس لئے وہ زندہ بچ گیا۔