جیو کیخلاف مقدمہ، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کیلئے کمشنر کو خط

اتوار 18 مئی 2014 19:12

جیو کیخلاف مقدمہ، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کیلئے کمشنر کو خط

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مئی۔2014ء) اسلام آباد میں جیو کے پروگرام میں توہین آمیز مواد نشر کرنے سے متعلق مقدمہ کی تفتیش کیلئے پولیس نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل کیلئے کمشنر کو خط لکھ دیا ہے۔ جیو کے خلاف ملک بھر کے تھانوں میں درخواستیں، گجرات، بھوانہ اور تھرپارکر میں بھی لوگ مقدمات درج کرانے پہنچ گئے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جیو کے پروگرام میں توہین آمیز مواد نشر کرنے سے متعلق مقدمہ میں نامزد ملزمان کی گرفتاری سے پہلے الزامات کا جائزہ لیا جائیگا۔

ایف آئی آر میں موجود الزامات سے متعلق پولیس پہلے ثبوت اور شواہد اکھٹے کرے گی۔ نامزد اور نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کا فیصلہ ثبوت اور شواہد ملنے کے بعد کیا جائیگا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جیو پر چلنے والے پروگرام کی ویڈیو ریکارڈنگ حاصل کی جائے گی جبکہ مقدمہ کی تفتیش کیلئے وزارت قانون، پولیس کی لیگل برانچ، ایف ائی اے کے سائبر کرائم ونگ سے معاونت لی جائے گی۔

(جاری ہے)

ملزمان کی گرفتاری سے قبل تفتیش کے تقاضے پوری کئے جائیں گے۔ دوسری جانب جیو پر گستاخانہ پروگرام کے خلاف گجرات، بھوانہ اور تھرپارکر کے تھانوں میں مقدمے درج کرنے کے لئے درخواستیں جمع کرا دی گئی ہیں۔ مختلف شہروں میں جیو پر توہین آمیز پروگرام کے خلاف تھانوں میں درخواستیں جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ گجرات میں گستاخانہ پروگرام کے خلاف تھانہ سول لائن میں درخواست دی گئی۔

درخواست مسلم لیگ (ق) کے سٹی صدر انیس حیدری کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ بھوآنہ میں پاکستان قومی موومنٹ کے صوبائی صدر سید مخدوم زیدی نے میر شکیل الرحمان، شائستہ لودھی، وینا ملک، اسد خٹک سمیت دیگر افراد کے خلاف اندراج مقدمہ کیلئے درخواست دی۔ تھرپارکر میں بھی جیو پر توہین آمیز پروگرام نشر کرنے کے خلاف ڈپلو، نگر پارکر اور چھاچھرو کے تھانوں میں مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواستیں جمع کرائی گئیں۔