جیو کے خلاف مہم افسوسناک ہے، ایچ آر سی پی

پیر 19 مئی 2014 20:33

جیو کے خلاف مہم افسوسناک ہے، ایچ آر سی پی

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مئی۔2014ء) پاکستان میں انسانی حقوق کے ادارے نے ابلاغ عامہ کے اداروں کے درمیان اتحاد پر زور دیتے ہوئے ایک مخصوص میڈیا چینل کو ہدف بنانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے پیر کو اپنے اعلامیے میں کہا کہ میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کی بقاء کے لیے صورت حال کو مزید تشویشناک بنانے سےگریز کرنا چاہیئے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ایچ آر سی پی جیو کے خلاف چلنے والی مہم اور اسے بند کرنے کے لیے دباؤ پر خاموش نہیں رہ سکتا ۔اعلامیے میں ایچ آر سی پی چیئرپرسن زہرہ یوسف نے کہا کہ میڈیا کے درمیان آپس کی لڑائی سے میڈیا کی آزادی کے لیے خطرات پیدا ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بات افسوس ناک ہے کہ میڈیا ہاؤسز خطرات کو سمجھے بغیر آگ تیل چھڑکنے کا کام کررہے ہیں جبکہ یہی آگ کل انہیں بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اعلامیے میں کیبل آپریٹرز کی جانب سے پیمرا کی اجازت کے بغیر جیو کو غیر قانونی طور پر بند کرنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ حکام کو اس کی تحقیقات کرتے ہوئے ملوث عناصر کو سزا دینی چاہیئے۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے لوگوں کے مفاد میں کام کرنا جو کسی کو جوابدہ نہیں، کسی کے بھی مفادات کے حق میں نہیں۔اعلامیے میں ایچ آر سی پی نے جیو کے خلاف مہم کو 'بدنیتی پر مبنی' قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ حکومت سول سوسائٹی اور میڈیا اداروں سے معاملے کی شدت کو کم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔

متعلقہ عنوان :