نجم سیٹھی کو مزید چار ماہ کام کرنے کا موقع مل گیا

ہفتہ 7 جون 2014 16:05

نجم سیٹھی کو مزید چار ماہ کام کرنے کا موقع مل گیا

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7جون 2014ء) عبوری مدت ختم ہونے کے بعد نجم سیٹھی کو بطور چیئرمین مزید 4 ماہ کام کرنے کا موقع مل گیا، اس حوالے سے نوٹیفکیشن کی کاپی گذشتہ شام پی سی بی کو موصول ہوگئی، البتہ عدالتی کارروائی بدستور ان کی راہ میں حائل ہو سکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ امور نے عبوری مینجمنٹ کمیٹی کی مدت میں4 ماہ توسیع کیلیے سمری گذشتہ دنوں وزیر اعظم کو ارسال کی تھی،ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے نوٹیفکیشن گذشتہ روز پی سی بی کو موصول ہو گیا، اس کا باضابطہ اعلان ہفتے کو متوقع ہے، وفاقی حکومت نے 10فروری کو ذکااشرف کی جگہ نجم سیٹھی کی زیرسربراہی عبوری مینجمنٹ قائم کی تھی، بعد میں سابق چیئرمین کی دوبارہ باری آئی تو سپریم کورٹ نے چند ہی روز بعد نجم سیٹھی کو بحال کر دیا، انھیں نئے آئین کے مطابق12جون سے قبل الیکشن کرانے کی ہدایت دی گئی لیکن ایسا ممکن نظر نہیں آتا، نیا آئین بدستور سرپرست اعلیٰ وزیر اعظم کی منظوری کا منتظر ہے۔

(جاری ہے)

کئی ایسوسی ایشنز کے انتخابات بھی اب تک نہیں ہو سکے،اسی لیے کمیٹی کو مزید چار ماہ کا وقت دے دیا گیا ہے، اس دوران وہ تمام مسائل حل کر کے انتخابات کرا دے گی، البتہ عدالتی معاملات بدستور نجم سیٹھی کی راہ میں حائل ہوں گے،گذشتہ دنوں ملازمین کی جانب سے برطرفی کیخلاف کیس کی سماعت2ہفتے کیلیے ملتوی ہوئی تھی،اب 12 جون کو انعقاد ہونا ہے، عدالتی فیصلے سے ہی ان کے مستقبل کا حتمی فیصلہ ہو گا، اس کیس میں سابق چیئرمین ذکا اشرف کے فریق بننے کی درخواست بھی قبول کر لی گئی تھی، وہ اب بھی ہمت نہیں ہارے اور ایک بار پھر پی سی بی کا سربراہ بننے کی خواہش رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :