Live Updates

طالبان سے کوئی ہمدردی نہیں‘ حکو مت آپریشن کرے تحریک انصاف حمایت کرے گی،شاہ محمود قریشی، حکومت مذاکرات کی حکمت عملی بھی واضح کرے اور عوام کو اعتماد میں لے،میڈیا سے گفتگو

پیر 9 جون 2014 00:25

طالبان سے کوئی ہمدردی نہیں‘ حکو مت آپریشن کرے تحریک انصاف حمایت کرے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9جون۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنماء و رکن قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں طالبان سے کوئی ہمدردی نہیں‘ حکو مت آپریشن کرے تحریک انصاف حمایت کرے گی،امن کو تباہ کرنے والے ملک کے سب سے بڑے دشمن ہیں‘ حکومت مذاکرات کی حکمت عملی واضح کرے او رعوام کو بھی اعتماد میں لے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پیر کے روز میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں کراچی میں ہونے والی دہشت گردی اور اس کے نتیجے میں شہید ہونے والے اے ایس ایف کے جوان اور رینجرز کے اہلکاروں سے اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور اجلاس میں یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس واقعہ پر وزیر داخلہ ایوان کو اعتماد میں لیں ۔

(جاری ہے)

کراچی میں تسلسل سے آپریشن کیا جارہا ہے جس کا نتیجہ اب سامنے ہے کراچی کے اندر اہم مقامات پر اتنا بڑا واقعہ حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے کراچی کی سیکورٹی صورتحال معیشت پر اثر انداز ہوتی ہے اس دہشت گردی کے نتیجے میں پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان ملک کا امن خراب کررہے ہیں اگر حکومت آپریشن کرے تو تحریک انصاف حمایت کرے گی۔

پاکستان کا امن ہم سب کو عزیز ہے بلوچستان کے اندر ہونے کا واقعہ بھی قابل مذمت ہے اس کا بھی سدباب کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کو سامنے رکھ کر ہمیں سندھ کی حکومت سے پوچھنا چاہیے کہ وہ کہاں تھی؟ اور سندھ کے اندر ایم کیو ایم اور پی پی پی کی مشترکہ حکومت ہے اور اثر رکھنے والی دونوں پارٹیاں بالکل ناکام ہوچکی ہیں انہوں نے مزید کہا کہ امیروں والے بجٹ سے ملک کا کچھ نہیں ہونے والا اور کراچی کو ہائی جیک کرنے سے ملک کی معیشت خراب ہوتی ہے اس کا سدباب کرنا چاہیے۔ حکومت ایوان کو بتائے کہ طالبان سے مذاکرات کس نوعیت کے ہیں اور کہاں تک پہنچے؟ جبکہ وفاقی حکومت طالبان سے مذاکرات کی حکمت عملی واضح کرے اور ان کے خلاف آپریشن کی حمایت عوام سے بھی حاصل کرے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات