مصر ،خواتین کو ہراساں کرنے پر نازیبا تبصرہ، ٹی وی اینکر معطل

جمعہ 13 جون 2014 15:22

مصر ،خواتین کو ہراساں کرنے پر نازیبا تبصرہ، ٹی وی اینکر معطل

قاہرہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13جون 2014ء) مصر کے ایک ٹیلی ویژن چینل نے گذشتہ اتوار کو صدر عبدالفتاح السیسی کی حلف برداری کے موقع پر قاہرہ کے میدان التحریر میں خواتین پر جنسی حملوں کی رپورٹنگ کے دوران ہتک آمیز تبصرہ کرنے والی اپنی پیش کار کو معطل کردیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق التحریر ٹیلی ویڑن چینل کی خاتون میزبان ماہا بہانسی گذشتہ اتوار کو اپنا ہفتہ وار پروگرام پیش کررہی تھیں۔

اس دوران جب میدان التحریر میں موجود اس چینل کی رپورٹر نے خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے متعدد واقعات پیش آنے کی اطلاع دی تو اس میزبان نے اس پر مسکراتے ہوئے کہا کہ ''یہ اس لیے ہورہا ہے کیونکہ وہ خوش ہیں''۔اس دوران اس خاتون نے قہقہہ بھی بلند کیا تھا۔ماہا بہانسی کے اس تبصرے پر مصریوں نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے جس کے بعد انھوں نے یہ بات تسلیم کرنے سے ہی انکار کردیا کہ انھوں نے خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے واقعات کے ردعمل میں یہ تبصرہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس خاتون نے اپنے فیس بْک صفحے پر لکھا ہے ''میں اپنے مہمانوں کے ساتھ تھی اور وہ ہراسیت پر نہیں بلکہ لوگوں کے خوشی منانے کے انداز پر تبصرے کررہے تھے'' حالانکہ اس پروگرام کی ویڈیو سے عیاں ہے کہ اس وقت میدان التحریر میں رپورٹر وہاں خواتین کو ہراساں کیے جانے کے متعدد واقعات کے بارے میں بتارہی تھیں۔اس واقعہ کے بعد التحریر چینل نے اینکر بہانسی کے تبصرے پر معذرت کی تھی اور خواتین کے حقوق کے تحفظ اور جنسی ہراسیت کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔مصری روزنامے الاہرام کی ایک رپورٹ کے مطابق اب ماہا بہانسی کا ہفتہ وار شو دو نئے میزبان پیش کیا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :