Live Updates

وزیراعظم کو شمالی وزیرستان آپریشن کا علم فوجی ترجمان کے ذریعے ہوا، عمران خان

پیر 16 جون 2014 21:21

وزیراعظم کو شمالی وزیرستان آپریشن کا علم فوجی ترجمان کے ذریعے ہوا، ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16جون۔2014ء) چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے شمالی وزیرستان آپریشن پر اعتماد میں نہیں لیا لیکن تحریک انصاف پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اگرہمیں اعتماد میں لے لیا جاتا تو بجٹ میں متاثرین کے لئے رقم رکھتے۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کے حوالے سے وزیراعظم کو کچھ علم نہیں تھا اور فوجی ترجمان کے ذریعے آپریشن کا علم ہوا جبکہ آپریشن کے نتیجے میں جو صوبہ سب سے زیادہ متاثر ہوگا اس کے وزیراعلی کو بھی ٹی وی کے ذریعے آپریشن کا علم ہوا۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا اور اب حمایت مانگی جارہی ہے، اگر حکومت کی جانب سے آپریشن کی پیشگی اطلاع دی جاتی تو خیبرپختونخوا کی حکومت نقل مکانی کرنے والوں کے لئے بجٹ میں خطیر رقم رکھتی تاہم ایسا نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جو لوگ بات چیت کرنا چاہتے ہیں آپریشن کے دوران ان کے ساتھ کیا ہوگا حکومت نے اس حوالے سے کوئی بات واضح نہیں کی، حکومت سے مطالبہ ہے کہ تمام سیاسی قیادت کو شمالی وزیرستان آپریشن پر آن بورڈ لے، اگر حکومت کی جانب سے اعتماد میں لیا جاتا تو اچھا مشورہ دے سکتے تھےلیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئل امن وامان کا ہے، اگرامن ہوگا تو سرمایہ کاری ہوگی، وزیراعظم سرمایہ کاری کے لئے گھوم پھر رہے تھے لیکن دہشت گردی اس سے بڑا مسئلہ تھا لیکن وزیراعظم نے سنجیدہ مذاکرات کے بجائے بیرون ملک دوروں پر زیادہ توجہ دی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات